یوسف رضا گیلانی کو بینکاک جانے سے روک دیا گیا
لاہور(ویب ڈیسک )پیپلز پارٹی کے رہنما اورسابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو لاہور ایئرپورٹ پر ملک سے باہر جانے سے روک دیا گیا۔
سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی لاہور ایئرپورٹ کے ذریعے تھائی ایئر لائن کی پرواز سے بینکاک جارہے تھے کہ انہیں ایئرپورٹ پر ہی روک لیا گیا۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتا یا ہے کہ انہیں امیگریشن کاؤنٹر پر ایف آٗئی اے حکام نے روکا ہے کیوں کہ نیب میں ان کے خلاف کیسز کی وجہ سے یوسف رضا گیلانی کا بلیک لسٹ میں شامل ہے۔
اطلاعات کے مطابق یوسف رضا گیلانی عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے جا رہے تھے اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میں پاکستان چھوڑنے کا تصور تک نہیں کرسکتا، ڈیڑھ ماہ قبل ایشیا پیسفک کانفرنس میں شرکت کے لیے نیپال گیا، آج براستہ بنکاک سیئول جارہا تھا کہ مجھے روک کر بنیادی انسانی حقوق کو پامال کیا گیا حالانکہ سیئول میں ہونے والے ورلڈ سمٹ میں روانگی کے حوالے سے نیب جج کو آگاہ کردیا تھا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ دفتر خارجہ اور محکمہ داخلہ میرے بیرون ملک دوروں سے آگاہ رہے، میں مسلسل عدالتوں میں پیش ہوکر الزامات کا سامنا کررہا ہوں، پی ٹی آئی حکومت بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانا بند کرے اور انتقام کا راستہ ترک کرے کیوں کہ یہ خود عمران خان کے لیے اچھا نہیں ہے۔
Comments are closed.