چیئرمین نیب کرپٹ افسروں کو پھانسی لگائیں،وزیر ریلوے
فوٹو: فائل
لاہور: چیئرمین نیب کسی کو سزا دے سکتے ہیں یا کسی کرپشن کرنے والے کو پھانسی دینے کااختیار رکھتے ہیں؟ یہ سوال تب پیدا ہوا ہے جب
وزیر ریلوے سینیٹر اعظم خان سواتی نے کہا ہے چیئرمین نیب سے کہا کہ جس افسر نے چوری یا کرپشن کی ہے اسے پھانسی لگائیں۔
اعظم سواتی نے لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے وعدہ کیا ہے کہ کرپٹ افسران کو سزا دیں گے، میں نے بھی انہیں کہا ہے جس افسر نے چوری یا کرپشن کی ہے اس کو پھانسی لگائیں۔
اعظم سواتی نے اس سے قبل وزارت ریلوے کے چارج سنبھالتے ہی کہا تھا کہ ریلوے نہیں چل سکتا اسے بند کرنا پڑے گا تب بھی ان پر سوشل میڈیا میں تنقید کی گئی تھی کہ آپ کو ریلوے چلانے کیلئے وزیر بنایا گیاہے بند کرنے کیلئے نہیں۔
اعظم سواتی نے آج کی گئی پریس کانفرنس میں کہاہے کہ مجھے کم از کم 6 ماہ سے ایک سال دیں پھر میرا محاسبہ کریں، ریلوے کو آئی ایم ایف نہیں ہم چلا رہے ہیں، مجھے کم از کم ایک سال دیں اور دیکھیں کیا تبدیلیاں ہو رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا وزیراعظم کو بتایا ہے کہ 1.3 ٹریلین روپیہ ریلوے میں ڈوب چکا ہے، نئے بزنس ماڈل سے یہی افسر ریلوے کو خسارے سے نکالیں گے، تاہم اس سنگین صورتحال کے باوجود کہتے ہیں کہ مہینے میں ایک بار لاہور آوں گا۔
انہوں نے کہا کہ مسافروں کے ساتھ ہماری توجہ فریٹ پر ہے، اسکول اور اسپتال چلانا میرا کام نہیں ہے۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا ہم سے 100 دن کا حساب مانگا لیکن 30 سال تباہی مچانے والوں سے نہیں پوچھا گیا۔
ان کا کہنا تھا چیئرمین نیب سے درخواست کی ہے ریلوے کے تین ریفرنسز کا ہفتے میں فیصلہ کریں کیونکہ سگنل نہ ہونے کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے وعدہ کیا ہے کہ کرپٹ افسران کو سزا دیں گے، میں نے بھی کہا ہے جس افسر نے چوری یا کرپشن کی ہے اس کو پھانسی لگائیں۔
Comments are closed.