جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید براڈشیٹ انکوائری کمیٹی کے سربراہ مقرر
اسلام آباد : حکومت نے اپنے اعلان پر عمل شروع کردیا ہے اوروزیر اعظم عمران خان نے جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید کو براڈشیٹ انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا۔
ٹوئٹرپر بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ براڈ شیٹ معاملے کی انکوائری کمیٹی کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید ہوں گے۔
دوسری طرف وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی اس حوالے سے ٹوئٹ کی اور کہا کہ انکوائری کمیٹی کے باقی اراکین کا تقرر جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے براڈشیٹ معاملے کی تحقیقات اور اس سے ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے تعین کے لیے 5 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔
شبلی فراز نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں قومی خزانہ لوٹنے والے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی براڈشیٹ کیس ایسے حقائق پر مبنی ہے جس کے ذریعے سابق حکمرانوں کی بدعنوانی کو سامنے لایا گیا ہے۔
Comments are closed.