اگلا الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر جیتیں گے، وزیراعظم


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اتحادیوں کے تحفظات سن لیے ہیں، جلد عملدرآمد ہوتا نظر آئے گا،عمران خان نے ایک بار پھر مہنگائی پر تشویشناک کااظہار کرتے ہوئے اسے کم کرنے پر زور دیا۔

وزیراعظم کی طرف سے حکومتی اتحادیوں کے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پر عمران خان نے حکومتی معاملات، سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی اور اپنی ٹیم کو کارکردگی دکھانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے اتحادیوں کو تمام تحفظات دور کرنے اور وعدے پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ہم تمام لوگ پاکستان کو بہتر بنانے کے لیے یکجا ہیں۔ اپوزیشن ملک کو نقصان پہنچانے پرتُلی ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اپوزیشن بلیک میل کرنے کی پوری کوشش کررہی ہے لیکن میں بلیک میل ہونے والا نہیں ہوں وزیراعظم عمران خان نے آئندہ ڈھائی سال کوکارکردگی کے سال قرار د یتے ہوئے کہا کہ اگلا الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر جیتیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن سے ذاتی مفاد کی شرائط پر ڈائیلاگ بے معنی ہوں گے، اگر نیب کیسز میں رعایت ہی دینی ہے تو ڈائیلاگ کا کیا فائدہ؟انھوں نے کہا کہ میں تو چاہتا ہوں کہ اپوزیشن سے ڈائیلاگ کروں لیکن اپوزیشن این آراو مانگنا شروع کردیتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مستقل بنیادوں پر کام کررہے ہیں،مہنگائی اور حلقوں کے مسائل کا احساس ہے۔ مافیا تبدیلی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ دو سال تک معیشت کی بنیاد مضبوط بنانے پر توجہ تھی، اب عوامی فلاحی منصوبوں پر توجہ مرکوز ہے۔

اپوزیشن ملک کو نقصان پہنچانے پر تلی ہے اور کیسز سے چھٹکارا پانے کیلئے بلیک میل کر رہی ہے۔ ان کو معلوم نہیں کہ میں بلیک میل ہوتا ہوں اور نہ دباؤ میں آتا ہوں۔

ذرائع کے مطابق ظہرانے میں شاہ زین بگٹی نے لاپتہ افراد کی بازیابی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہی بلوچستان کا سب سے اہم مسئلہ ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سالوں میں سینکڑوں لاپتا افراد بازیاب کرائے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے میکانزم تیار کر لیا گیا ہے، 17 سال بعد کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ مثبت ہوا۔ معاشی ٹیم کی محنت سے ملکی معیشت کو استحکام ملا،ہر جگہ بیٹھا مافیا تبدیلی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

ایم کیو ایم اور جی ڈی اے رہنماؤں نے کہا کہ سندھ کی صوبائی بیوروکریسی وفاق کے منصوبے بھی پیپلز پارٹی کی مرضی سے چلا رہی ہے۔ وفاقی حکومت کے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر کام بھی انتہائی سست روی کا شکار ہے۔ حکومت وفاقی منصوبوں پر اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اتحادی جماعتوں دیئے گئے ظہرانے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، بلوچستان عوامی پارٹی اور شیخ رشید بھی شریک ہوئے۔ ظہرانے میں موجودہ سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی تحریک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پرویز الہیٰ اور طارق بشیر چیمہ سمیت ق لیگ کے ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کے ظہرانے میں شرکت نہیں کی۔ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا ہماری قیادت کے تحفظات ہیں، ہمارے تحفظات کا ازالہ نہیں کیا گیا، فیصلہ سازی کے کسی عمل میں شریک نہیں کیا گیا۔

Comments are closed.