پاکستان نے ڈائیلاسز مشینیں اور وینٹی لیٹرز بنانا شروع کردیئے ہیں،فواد چوہدری
فوٹو: فائل
لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے پاکستان نے اپنی ڈائیلاسز مشینیں اور وینٹی لیٹرز بنانا شروع کردیئے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری کاکہنا تھا کہ آج پاکستان ہر ماہ 1100 وینٹی لیٹرز بنا رہا ہے اسی طرح پاکستان نے ڈائلاسز مشینیں بھی تیار کر لی ہیں۔
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت کے عدلیہ اور عسکری اداروں سمیت ہر ایک سے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان کی فوج وہی کردار ادا کر رہی جو کہ حکومت اور کابینہ چاہتی ہے، عمران خان نے 22 سال جدوجہد کی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کسی بھی مارشل لاء کا حصہ نہیں رہے جب کے ان کے برعکس اپوزیشن کی ہر جماعت ڈکٹیٹر کے دور کا حصہ رہ چکی ہے، عمران خان کو ووٹ کے ذریعے عوام نے وزیرِ اعظم بنایا ہے نہ کہ کسی ادارے نے، ہمیں کسی اور نے نہیں بلکہ عوام نے منتخب کیا ہے۔
سی پیک کے حوالے سے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہاکہ معیشت کی بحالی کیلئے سی پیک اہم ہے اور اس منصوبے کا سیکیورٹی اینگل ہے، سی پیک کو محفوظ بنانے کیلئے ہمیں فوج کی معاونت درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے موقف کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کا کوئی اصولی جھگڑا نہیں، نواز شریف چاہتے ہیں کہ ان کے پیسے بچانے کے لیے ادارے ان کی مدد کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی افواج سی پیک کے منصوبے کی سیکیورٹی کیلئے اور اس کی تکمیل کیلئے اپنا کردار بخوبی نبھا رہی ہیں۔
Comments are closed.