موٹروے پر کار سوار خاتون کو ہراساں کرنے کاایک اور واقعہ
فوٹو:ایکسپریس
راولپنڈی(ویب ڈیسک)موٹروے پر ایک خاتون کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے تاہم اس بار موٹروے پولیس نے کال بھی اٹینڈ کی اور پانچوں ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
اس مرتبہ خاتون کی کار پنجاب کے ہی علاقے راولپنڈی کی تحصیل مری کی طرف رواں دواں تھی اور مری ایکسپریس وے پر گاڑی میں سوار لڑکوں نے خاتون کو ہراساں کیا اور آوازیں کسنے کے ساتھ ساتھ نایبا اشارے بھی کئے۔
اس حوالے سے ایکسپریس نیوز کے مطابق موٹروے پولیس کے انسپکٹر سجاد نے مری پولیس کو بتایا کہ ایکسپریس وے پر مری کی جانب سفر کرنے والی خاتون نے 130 پر کال کرکے بتایاکہ اسے پانچ لڑکے ہراساں کررہے ہیں۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ لڑے گاڑی کا مسلسل پیچھا کررہے ہیں اور عجیب عجیب اشارے کررہے ہیں جس پر موٹروے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان فیضان ندیم، عبداللہ، مصعب عباس، عمر اور محمد ولید کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق پانچوں لڑکوں کا تعلق لاہورسے ہے جو گھومنے کے لیے مری آئے تھے، مری پولیس نے موٹروے پولیس انسپکٹر کی درخواست پر مقدمہ نمبر 485 درج کرلیا، پولیس کا کہنا تھاکہ ملزمان کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے گجر پورہ کے قریب موٹر وے پر ایک خاتون کے ڈاکووں کے ہاتھوں ریپ کی خبر نے پورے ملک میں ہلچل مچا رکھی ہے اور ہفتہ کو پولیس نے بالا ٓخر دو ملزمان کا سراغ لگا لیا ہے۔
Comments are closed.