کشمیرمسلمہ عالمی مسلہ ہے، یکطرفہ فیصلہ تسلیم نہیں کرتے، آرمی چیف

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے ہم آج بھی دُشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر)کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فوجی اعزازات دینے کی تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تھے، تقریب میں شہداکے اہل خانہ، غازیوں اور حاضر سروس افسران نے شرکت کی۔

آرمی چیف نے جرات کامظاہرہ کرنے والے جوانوں کو اعزازات سے نوازا، 40 افسروں کو ستارہ امتیاز ملٹری اور 24 افسروں اور جوانوں کو تمغہ بسالت سے نوازاگیاجب کہ ایک جوان کو یونائیٹڈ نیشن میڈل سے نوازا گیا،شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔

آرمی چیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر1965کا دن ہماری تاریخ کا ایک لازوال باب ہے، آج کے دن یکجہتی، وطن سے محبت، قربانی اور بہادری کی بے شمار داستانیں رقم ہوئیں، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے اپنے سے کئی گنا بڑے دُشمن کو شکست دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ، ہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں،شہداکے اہل خانہ کو یقین دلاتا ہوں کہ اُن کے پیاروں کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے،پوری قوم آپ کے صبر اور قربانی کی مقروض ہے۔


پاکستان ایک علیحدہ اسلامی تشخص کے نظریہ کا علمبردار ہے، آرمی چیف

جنرل قمر جاوید باجوہ کاکہنا تھا کہ مملکت پاکستان اور عظیم پاکستانی قوم ایک علیحدہ اسلامی تشخص کے نظریے کی علمبردار ہے،اسی بنیاد پر ہم نے آزادی حاصل کی اور یہی ہمارے آج اور کل کی پہچان ہے،

ہمارے دشمن اس پہچان کو مٹانے کے لیے لگاتار سازشوں کا جال بنتے آئے ہیں لیکن الحمداللہ افواج پاکستان اور قوم نے جذبہ ایمانی سے سرشار ہو کر ان کی ہر چال کو ناکام بنایا ہے۔

سپہ سالار کا کہنا تھا کہ وطن کی آزادی اور سلامتی ہمارا نصب العین ہے، اس مشعل کو ہمارے اسلاف نے اپنے خون سے جلائے رکھا اورہم بھی اسے روشن رکھنے کے لیے پُر عزم ہیں،ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج جیسی دلیر اور بہادر سپاہ کی کمان کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔

آرمی چیف نے کہا پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے،کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا، اسی طرح پاکستانی قوم کی افواج سے محبت لازوال ہے، ان کا اعتماد غیرمتزلزل ہے، میں ان تمام جذبوں کو سلام کرتا ہوں۔

انھوں نے کہا بھارت نے خطے کے امن کو ایک بار پھر شدید خطرات سے دوچار کردیاہے،کوئی شک نہیں کہ جموں کشمیر بین الاقوامی طور پرتسلیم شدہ مسئلہ ہے،اس حوالے سے ہم کوئی بھی یک طرفہ فیصلہ تسلیم نہیں کرتے،بانی پاکستان نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قراردیا ۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ایک چیلنج ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پرمسلط کیاگیا ہے،اس کامقصد ملک اور افواجِ پاکستان کو بدنام کر کے انتشار پھیلانا ہے،ہم اس خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم انشا اللہ ضرور کامیاب ہوں گے۔

ہم پوری دنیا بالخصوص اپنے خطے میں امن کے خواہاں ہیں، افغانستان میں امن کی کوششوں میں پاکستان کا کلیدی کردار منہ بولتا ثبوت ہے جب کہ ہمسایہ ملک بھارت نیہمیشہ کی طرح غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا،بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی اقدام کیا۔

افواج پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں، ہمیں نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب کیاجاسکتا ہے نہ ہم پرکوئی دھمکی اثر انداز ہوسکتی ہے، ان شااللہ دشمن کی کسی بھی حرکت کافوری اور پوری قوت سے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاکستان زندہ حقیقت ہے،ہمارا خون،جذبہ عمل ہر محاذ پر اسکی گواہی دے گا، پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن ہم پر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،اس کا مظاہرہ بالاکوٹ کے ناکام حملے کے جواب میں دیا،اس لیے دشمن کو کوئی شک نہ ہو۔

Comments are closed.