راولپنڈی اسلام آباد میں ڈبل ڈیکر بس چل پڑی

فوٹو:سوشل میڈیا

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام )راولپنڈی اسلام آباد میں دو منزلہ بس ( ڈبل ڈیکر ) سروس کایوم دفاع کے موقع پر افتتاح کردیا گیاپہلے دن جڑواں شہروں کے پبلک مقامات پرسفر کرنے والوں میں خصوصی بچے بھی شامل تھے۔

حکومت پنجاب نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کو تحفہ دیتے ہوئے جڑواں شہروں کی سڑکوں پر تقریباً 55 سال بعد ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز کیا ہے۔

دو منزلہ بس کی افتتاحی سواری وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر آصف محمود نے اسپیشل بچوں کے ہمراہ کی، ڈبل ڈیکر سروس کا مقصد جڑواں شہروں میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر آصف محمود کاکہنا تھاکہ 6 ستمبر کے موقع پر اس منصوبے کو شروع کرکے ہم افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں اور جڑواں شہروں میں بسنے والوں کی کیلئے یہ بڑی خبر ہے۔

سیاحت کے حوالے سے چلائی جانے والی اس بس میں سواری کے لیے ٹکٹ 400 روپے جب کہ 4 سال سے کم عمر بچوں اور 65 سال سے زائد عمر شہریوں کے لیے سواری فری ہوگی۔

بس نے افتتاحی روزعلامہ اقبال پارک راولپنڈی سے سفر کا آغاز کیا ، ڈبل ڈیکر سیاحوں کو پاکستان مونومنٹ، لوک ورثہ، فیصل مسجد، چڑیا گھر اور شکر پڑیاں جیسے سیاحتی مقامات تک پہنچائے گی۔

اسلام آباد میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کے علاوہ ڈبل ڈیکر بس چلنے کے بعد سیاحت کو فروغ ملنے کا امکان ہے کیونکہ زیادہ تر دیگر شہروں سے آنے والوں کیلئے یہ سواری زیادہ پرکشش ہو گی۔

Comments are closed.