عوام کوخطرے میں ڈالے بغیر ہر شعبے میں سہولت فراہم کریں گے،وزیراعظم
فوٹو : فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کی زندگی کو غیر ضروری خطرے میں ڈالے بغیر ہر اس شعبے میں سہولت فراہم کریں گے جس سے غریب اور سفید پوش افراد کے کاروبار وابستہ ہیں۔
وزیراعظم کی صدارت میں کورونا وائرس سے متعلق اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے ملک بھر میں متاثرین کے اعدادو شمار، مصدقہ کیسز، جغرافیائی پھیلاؤ سمیت ٹیسٹنگ کی تعداد اور کیسزپر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کہا معیشت بحال ہونے تک غریب اور نادار طبقے کی مشکلات بھی بڑھیں گی لاک ڈاؤن کے ساتھ بھوک اور غربت کے دہرے خطرات ہیں ، ہمیں بھوک اور کوروناکی عالمگیر وبا پر قابو پانے کے اقدامات کے درمیان توازن قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ موجودہ صورتحال میں پولیس عوام پر سختی کے بجائے دوستانہ رویہ اختیار کرے، انھوں نے کہا ہماری آبادی کو جس قدر خطرہ لاک ڈاؤن سے ہے اس سے کہیں زیادہ بھوک و افلاس ہے ، لاک ڈاؤن کورونا کا علاج نہیں بلکہ عارضی اقدام ہے۔
اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ٹرانسپورٹ کی بندش سے عام آدمی کے کاروبار اور نقل و حرکت متاثر ہونے کی تفصیلات بتائیں۔
اجلاس میں آٹو موبائل سیکٹر کے مطالبات بھی وزیراعظم کو پیش کیے گئے جس پر وزیراعظم نے وزیر صنعت کو ہدایت کی کہ ان مطالبات کا جائزہ لیا جائے تاکہ اس حوالے سے فیصلہ کیا جاسکے.
Comments are closed.