کورونا ، پاکستان میں ایک کروڑ 80لاکھ افراد بے روزگار ہونے کاامکان
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈا ٹ کام)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے باعث عائد کردہ موجودہ پابندیاں 9مئی تک رہیں گی، 9 مئی سے پہلے وزیراعظم عمران خان کی صدارت قومی رابطہ کمیٹی 9 مئی کے بعد کی حکمت عملی طے کریگی، پاکستان کے لیے معاشی بندشیں کورونا وائرس سے زیادہ مہلک ہیں، ایک کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد کے بیروزگار ہونے کا اندازہ ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اسد عمرکا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دنوں میں کورونا سے اموات میں اضافہ ہوا ہے، صرف 6 دنوں میں روزانہ اوسطاً 24 اموات رپورٹ ہوئی ہیں تاہم پاکستان اور بھارت سمیت ہمارے خطے میں کورونا یورپ اور امریکا کی طرح مہلک ثابت نہیں ہوا، ہمیں امریکااور دوسرے ملکوں کو نہیں اپنے حالات کو دیکھ کر فیصلے کرنا ہوں گے۔
اسد عمر نے کہا ہمارا صحت کا نظام پچھلے 2 ماہ کے مقابلے میں اب بہتر ہے، ہم کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھاتے جا رہے ہیں اور اس وقت کورونا کے ٹیسٹ کے لیے ملک میں 55 لیبارٹریز فعال ہیں، ملک میں اس وقت 5 ہزار وینٹی لیٹرز موجود ہیں اور جلد ہی وینٹی لیٹرز بنانے کا کام شروع ہو جائے گا جس کے بعد جون میں ہمارے پاس مزید وینٹی لیٹرز بھی آجائیں گے۔
وفاقی وزی اسد عمر نے بتایا کہ اگلے ایک دو دن میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدرات کابینہ اجلاس بلا کر مختلف فیصلے کیے جائیں گے جس میں 9 مئی تک بندشوں کے نتائج کے مطابق آگے کی حکمت عملی طے کی جائے گی جب کہ مئی کے بعد کی حکمت عملی قومی رابطہ کمیٹی طے کرے گی۔
انھوں نے کہا کہ لوگ سوال کرتے ہیں کہ ملک کب تک بند رہے گا؟ عوام سے کہوں گا ہمیں اپنے صحت کے نظام کو مفلوج نہیں ہونے دینا اس لیے عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سب کو محفوظ رکھیں، پاکستان میں کورونا سے زیادہ لوگ ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوجاتے ہیں اس کے باوجود ٹریفک کو چلنے کی اجازت ہوتی ہے۔
اسد عمر نے کہا گزشتہ چند دنوں میں کورونا وائرس سے اموات میں اضافہ ہوا ہے جو اچھی خبر نہیں ہے، ہلاکتوں کی 3 سرخ لکیریں عبور ہوچکی ہیں اور پچھلے 6 روز میں روزانہ 24 اموات ہورہی ہیں لیکن آبادی کے تناسب کے حساب سے پاکستان میں یہ شرح کم ہے، اللہ کا کرم ہےپاکستان میں بیماری اتنی مہلک ثابت نہیں ہوئی جتنی یورپ میں ہوئی۔
وفاقی وزیر نے کہا پاکستان کے مقابلے میں امریکا میں 58 گنا اور برطانیہ میں 124 گنا زیادہ ہلاکتیں ہوئیں، بیماری کے پہلے 46 روز میں ہر 10 لاکھ شہریوں میں سے اسپین میں سب سے زیادہ 414، اٹلی 305، فرانس 256، برطانیہ 248 اور امریکا میں 116 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ پاکستان میں صرف 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
اسد عمر نے کہا کہ اگر یہ ذہن میں بٹھالیں کہ کورونا سے اموات کو صفر کرنا ہے تو اس کے لیے ایسے اقدامات کرنے پڑیں گے جو انسانوں کے لیے اتنے زیادہ مہلک ہوں گے جو کوئی انسان برداشت نہیں کرسکتا، کورونا سے اموات کو صفر کرنا ناممکن ہے، دیگر ممالک میں بھی کورونا کو ختم کرنے کی نہیں بلکہ پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
Comments are closed.