وزیراعظم کا بے روز گار افراد کیلئے احساس کیش پروگرام کا اعلان

فوٹو: فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملازمت سے محروم ہونے والے افراد کے لیے احساس کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا ہے۔

اسلام آباد میں کورونا ریلیف فنڈ کے ویب پورٹل کے اجرا کرنے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے احساس کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے کے لیے ویب پورٹل کے آغاز کا بھی اعلان کیا، جہاں ملازمت سے محروم ہونے والے افراد اندراج کرکے رقم کے حصول کے لیے خود کو رجسٹر کرواسکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اب تک 3 ہفتوں میں 68 لاکھ خاندانوں میں 81 ارب روپے سے زائد تقسیم ہوچکے ہیں، ہم آج ملازمت سے محروم ہونے والے افراد کے لیے ویب سائٹ کا آغاز کررہے ہیں جہاں وہ اندراج کرکے رقم حاصل کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹائیگر فورس اس پورٹل پر اندراج کروانے افراد کی معلومات درج کرنے میں مدد کرے اور رجسٹرڈ افراد کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں رقم ادا کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات دینے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں خود کورونا ریلیف فنڈ کی نگرانی کررہا ہوں، اس کے تحت پیسے شفاف طریقے سے تقسیم کیے جائیں گے، اس کا آڈٹ ہوگا اور عوام کے سامنے رقم کی تفصیل بھی سامنے لائی جائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ اس فنڈ میں دیئے جانے والے عطیات میں 4 گنا عطیات حکومت خود شامل کرے گی تاکہ ان فنڈز کو زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچایا جاسکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے بہت زیادہ لوگ متاثر ہوئے جبکہ امیر ممالک بھی ہر متاثرہ شخص تک نہیں پہنچ پا رہے ہیں، لاک ڈاؤن زیادہ عرصے تک نہیں چل سکتے، امیر ممالک کو بھی یہ احساس ہو رہا ہے اور اس لیے وہ کاروبار کی بحالی کی طرف جا رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اب ہر ملک کی کوشش ہے کہ کاروبار دوبارہ شروع ہو، نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہوا لیکن وہاں بھی صنعتیں کھولی جارہی ہیں، جتنی زیادہ صنعتیں کھلیں گی اتنا زیادہ روزگار ملے گا۔

عمران خان نے ویب پورٹل کے حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ لاک ڈائون کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے افراد بارہ ہزار روپے کی امداد حاصل کرنے کیلئے ehsaaslabour.nadra.gov.pk پر اپنا اندراج کراسکتے ہیں۔


اشیاء کی قیمتیں کم کرائیں، منافع خوروں کیخلاف ایکشن لیاجائے،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات اب عام افراد تک پہنچانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کو پیغام دیا ہے کہ آئل کی قیمتیں بڑھنے پر بلا تاخیر مہنگائی کی جاتی رہی ہے اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ثمرات بھی عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی یقینی بنائی جائے، ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ناجائز منافع خوری کے خلاف ایکشن کیا جائے اور ہر صورت قیمتیں کم کروائیں بصورت دیگر ایکشن لیں۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایکشن لیا جائے کیونکہ جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھی تھیں تو ناجائز منافع خوروں نے خود قیمتیں بڑھا دی تھیں اب ان کو واپس انہی نرخوں پر لا یا جائے۔

ذرائع کے مطابق صوبوں کو وزیراعظم کی طرف سے ہدایات جاری کی گئی ہیں لیکن وفاقی دارالحکومت میں مہنگائی کے طوفان پر توجہ نہیں دی جارہی ، ڈپٹی کمشنر شفقات کی جانب سے چند سیکٹرز تک کارروائیاں محدود ہوتی ہیں اور وفاق کے دیہی علاقے نظر انداز کر دیئے جاتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات کے بعد ایک کمیٹی بھی تشکیل دینے کی تجویز سامنے آئی ہے جو کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گرانی کا جائزہ لے اور مختلف اشیاء کی پہلے اور اب کی قیمتوں کے اعدادو شمار اکٹھے کرے تاکہ ضلعی انتظامیہ کو اس پر عمل کیلئے کہا جائے۔

Comments are closed.