کورونا وائرس کا حفاظتی سامان مقامی مارکیٹ سے خریدنے کافیصلہ
فوٹو:این ڈی ایم اے فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان میں جزوی کاروبار کھلتے ہی حکومت نے کاروباری طبقہ کو خوشخبری سنا دی،این ڈی ایم اے کی طرف سے کورونا وائرس سے بچاو کیلئے حفاظتی سامان مقامی مارکیٹ سے خریدنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
اس حوالے سے این ڈی ایم کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیئر مین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ این ڈی ایم نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی سامان کی خریداری پاکستان کی مقامی مارکیٹ سے کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ملکی صنعت کو ترقی دینے اور کاروبار کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں این95ماسک کے علاوہ تمام حفاظتی سامان کی تیاری شروع ہو چکی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سامان کی خریداری کیلئے مطلوبہ معیار اور مقدار کے مطابق سپلائی فراہم کرنے والی مقامی کمپنیوں کو ترجیح دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اگر کوئی کمپنی ملکی سطح پر این95ماسک بنائے گی تو اُس کو مکمل تعاون اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ اپریل کے مہینے کے آخر تک ایک لاکھ N-95 ماسک بھی تیار ہونا شروع ہو جائیں گے۔ان اقدامات سے مقامی مارکیٹ کی پیداوار میں استحکام آئے گا اور ملکی معیشت مضبوط ہو گی۔
بین الاقوامی مارکیٹ سے سامان کی خریدار ی کو محدود کیا جائے گا اور صرف وہ سامان جو مطلوبہ مقدار اور معیار کے مطابق مقامی مارکیٹ میں میسر نہیں ہو گا بین الاقوامی مارکیٹ سے خریدا جائے گا۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ سے زائد ہلاکتوں کے علاوہ اس وائرس سے 200سے زائد ممالک متاثر ہو رہے ہیں تاہم لاک ڈاون کے باعث نقصانات کے باعث حکومت نے مقامی صنعت کو سہارا دینے کیلئے مقامی مارکیٹ سے خریداری کا فیصلہ کیا۔
Comments are closed.