وزیراعظم عمران خان کا گستاخانہ خاکوں پر ویڈ یو پیغام جاری
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مسئلے پر اسلامی تعاون تنظیم کے ذریعے اقوام متحدہ میں بات کریں گے۔
ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ساری مسلم امہ او آئی سی کے فورم سے اقوام متحدہ میں بات کرے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اس حوالے سے ہدایات دے دی ہیں، انہوں نے کئی مسلم ملکوں سے رابطے بھی شروع کر دیے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیر خارجہ اقوام متحدہ میں اس حوالے سے ملاقاتیں کریں گے۔پاکستان کا گستاخانہ مواد پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیاہے۔
عمران خان نے کہا کہ انشاء اللہ ہم احتجاج کریں گے، دنیا کو اس مسئلے کے بارے میں سمجھائیں گے، اور انشاء اللہ ہم کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مسئلہ ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم مسلمانوں کے دل میں رہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب کوئی نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی کرتا ہے تو تمام مسلمانوں کو تکلیف ہوتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ مغرب کے لوگوں کو اس چیز کی سمجھ نہیں ہے کیوں کہ ہم مسلمانوں نے ان کوسمجھایا نہیں۔انہوں نے کہا کہ جس طرح مغرب کے لوگ اپنے دین کو دیکھتے ہیں وہ بالکل مختلف ہے۔
Comments are closed.