خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی پرویز الہٰی سے طویل ملاقات


فوٹو:سکرین گریب

لاہور(ویب ڈیسک)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی سے ملاقات کی ہے اس دوران چوہدری برادران سے دوریوں اور اسباب بھی زیر بحث آئے۔

ملاقات لاہور میں مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہٰی کی رہائش پرہوئی جوکہ 20سال بعد پہلی باضابطہ ملاقات تھی اس دوران سیاسی صورتحال ، گلے شکوے بھی ہوئے اور ملک میں جاری کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال بھی زیر بحث آئی۔

ملاقات کے دوران خواجہ برادران نے مخالفت کے باوجود پرویز الہٰی کے مثبت کردار کو سراہا، ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین کی صحت پر بھی پوچھی اور ان کی درازی عمر کی دعا کی ۔

پرویز الہٰی نے کورونا وائرس کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ جدوجہد پر زور دیا ، خواجہ برداران نے اس بات سے اتفاق کیا کہ اس مہلک وائرس سے صرف حکومت یا صوبے ایک دوسرے کی مدد کے بغیر بہتر نتائج حاصل نہیں کرسکتے۔

خواجہ سعدر فیق نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں میڈیا کو بتایا کہ چوہدری خاندان سے ہمارا پرانا تعلق ہے،ہمارے بزرگوں اور چوہدری صاحبان کے بزرگوں کا آپس میں گہرا تعلق رہا ہے۔

ملاقات کے حوالے سے جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ،خواجہ برادران نے مسلم لیگ ق کے صدر شہباز شریف کی اجازت سے اسپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات3گھنٹے جاری رہی اور اس موقع پر حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر سعد رفیق نے شہبازشریف کی جانب سے پرویز الٰہی کا شکریہ اداکیا۔

Comments are closed.