وزیراعظم بڑے دل کا مظاہرہ کرکے نیشنل ایکشن پلان بنائیں،سراج الحق


فوٹو: فائل

وہاڑی(ویب ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے، وزیراعظم عمران خان بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود تمام سیاسی رہنماؤں سے رابطہ کریں اور اپوزیشن سے مل کر کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان بنائیں۔

امیرجماعت نے وہاڑی کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتنے مشکل وقت میں بھی حکومت سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی ہے اور اپنی انا سے باہر نہیں نکل رہی ہے، امدادی رقم کی تقسیم کا جو طریقہ حکومت کی طرف سے اپنایاگیاہے وہ درست نہیں ہے۔

ملک میں کورونا وائرس پھیلنے کی شرح بہت زیادہ اور خطرناک ہے حکومت فوری طور پر صحت ایمرجنسی نافذ کرے،قوم اس صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے سب کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت عاجزی اور خاکساری کی بجائے تکبر کا مظاہرہ کررہی ہے جسکا نقصان عوام کو بھگتنا پڑرہاہے اس کا ازالہ کیا جاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا امدادی رقم کی تقسیم کا جو طریقہ حکومت کی طرف سے اپنایاگیاہے وہ بالکل غلط ہے، اس میں کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر کو نظر انداز کیاجارہاہے اور وائرس پھیلنے کے خدشات موجود ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ایک دن ڈاکٹر کو سلام پیش کیا گیا جس کا بہت اچھا پیغام ملا لیکن اگلے دن انہی ڈاکٹرز پر ڈنڈے بھی برسائے جو قابل افسوس بات ہے۔

اس سے قبل وہاڑی میں سنٹرل جیل میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حفاظتی سامان تقسیم کیا گیا جس میں سینی ٹائزر،صابن، حفاظتی کٹس سمیت دیگر حفاظتی سامان شامل تھا۔

اس موقع پر سراج الحق نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار جیلوں اور پولیس اسٹیشنز میں جاکر حفاظتی اسپرے کررہے ہیں، جماعت اسلامی 63کروڑ روپے سے زائد مالیت کا راشن 33لاکھ مستحق افراد میں تقسیم کرچکی ہے۔

انھوں نے کہا الخدمت خواتین رضاکار بھی بیوہ خواتین اور یتیم بچوں میں ایک ارب روپے کی امداد پہنچاچکی ہیں۔

Comments are closed.