چیف جسٹس کا کورونا وائرس چیلنجز و سہولیات پر پہلا از خود نوٹس
ویب ڈیسک
اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد خان نے کورونا وائرس کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناکافی سہولیات پر پہلا از خود نوٹس لے لیا۔
چیف جسٹس گلزار احمد خان کی طرف سے پہلے از خود نوٹس میں جائزہ لیا جائے گا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیا اقدامات اٹھائے گئے؟اورہسپتالوں میں کیا سہولیات ہیں۔
چیف جسٹس کی طرف سے کورونا وائرس سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت 13 اپریل کو ہوگی اورچیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔
بینچ میں چیف جسٹس گلزار احمد کے علاوہ جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس مظہر عالم خان، جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس قاضی محمد امین شامل ہیں۔
از خود نوٹس کی سماعت کیلئے اٹارنی جنرل، سیکرٹری صحت، داخلہ،چاروں صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز اور چیف سیکریٹریز کو بھی نوٹسزجاری کر دئیے گئے ہیں۔
اعلیٰ عدالت کی جانب سے چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی نوٹس جاری کیے گئے جن میں پوچھا گیا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟ اور اسپتالوں میں کیا سہولیات ہیں؟
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4700 سے تجاوز کر چکی ہیں جبکہ 68 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
پنجاب میں 2280،سندھ میں 1214،بلوچستان میں 220،خیبرپختونخوا میں 620،اسلام آباد میں 118،گلگت بلتستان میں 215 اور آزاد کشمیر میں مریضوں کی تعداد 33 ہے۔تاہم 600 سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
حکومت کی طرف سے لاک ڈاون کے ساتھ ساتھ مستحق افراد کیلئے مالی امدادی پیکیج بھی دیا جارہا ہے ، اس کے علاوہ تعلیمی ادارے ، فلائٹس اور ٹرینوں کا آپریشن بھی بند ہے۔
Comments are closed.