پنجاب حکومت کا کورونا سے متاثرہ صحافیوں کیلئے ریلیف پیکیج

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام )پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے متاثرہ صحافیوں کیلئے ریلیف پیکیج کااعلان کیاہے جس کے تحت متاثرہ صحافی کو ایک روپے اور اس مہلک وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کو 10لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے لاہور میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ صحافیوں و میڈ یا ورکرز کیلئے اس ریلیف پیکیج اور 10صحافیوں کیلئے ایوارڈز ینے کا بھی اعلان کیا۔

فیاض چوہان کا کہنا ہے کورونا سے متاثر صحافی کو ایک لاکھ روپے فنڈز اور شہادت کی صورت میں لواحقین کو دس لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔ صحافی کی بیوہ کو تاحیات دس ہزار روپے پنشن دینے کا بھی وعدہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ اگلے بیس سے بائیس دن شدید خطرناک ہیں، صورتحال دیکھ کر لاک ڈاؤن میں توسیع ہو سکتی ہے، انھوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ لاک ڈاون کا فیصلہ وفاق اور این ڈی ایم اے نے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے کورونا وائرس سے بچاؤکے لیے ایس او پیز بنائے ہیں، میڈیا ہاؤسز اور اخبار مالکان کو کورونا روائرس سے متعلق ایڈوائزری بھیج رہے ہیں، صحافی برادری کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤکے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اور ان کے لیے پیکیج بھی بنا رہے ہیں، میڈیا سے متعلق 16 فیصد صوبائی ٹیکس کی چھوٹ کیلئے سمری وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو دی ہے، اخبار فروشوں کو کل سے حفاظتی سامان مہیا کیا جائے گا۔

اس سے قبل فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا بزدار حکومت کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، صوبے بھر میں انتظامیہ اور پولیس فوج کے ساتھ جزوی لاک ڈاؤن کو یقینی بنا رہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سردار عثمان بزدار نے ثابت کر دیا کہ وہ باتوں سے زیادہ کام پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں، گراں فروشوں کے خلاف انتظامیہ کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

Comments are closed.