جج محمد بشیر کی نواز شریف کے خلاف دو ریفرنسز کی سماعت سے معذرت
اسلام آباد(ویب ڈیسک )احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کے خلاف دیگر دو ریفرنسز کی سماعت سے معذرت کر لی۔
ذرائع کے مطابق جج محمد بشیر کی معذرت کا خط اسلام آباد ہائی کورٹ کو موصول ہوگیا ہے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے خط میں اسلا م آباد ہائیکورٹ سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف دیگر دو ریفرنسزالعزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس پر سماعت سے معذرت کی ہے۔
خط میں اسلا م آباد ہائیکورٹ سے کہا ہے کہ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز دوسری عدالت کو منتقل کردیں کیونکہ میں ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کرچکا ہوں اس لیے اب العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت نہیں کرسکتا۔
جج محمد بشیر کا کہنا ہے کہ اگر چاہیں تو مجھے ٹرانسفر کردیں کیونکہ نواز شریف کے وکیل نے بھی مجھ پر اعتراض کیا ہے اور ملزم کے وکیل کے اعتراض کے بعد سماعت کرنا ممکن نہیں۔۔
منگل کو العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس پر سماعت ہونا ہے جب کہ حکومت نے دونوں ریفرنسز کا جیل میں ٹرائل جاری رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر رکھا ہے۔
Comments are closed.