کوروناوائرس،حکومت واپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنانے کا فیصلہ
فوٹو : پی آئی ڈی
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت کوروناوائرس کے نقصان دہ اثرات سے قومی معیشت کو بچانے اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لئے مختلف عالمی اداروں سے رابطے میں ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس میں قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے عمران خان سے سے ملاقات کی جس میں کورونا وائرس کے حوالے سے سے حکومتی اقدامات پر بات چیت کی گئی اور وزیر اعظم نے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا.
وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے اراکین پر مشتمل مشترکہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملاقات کے بعد وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ "کورونا وائرس کی صورتحال اور اس کے کنٹرول کے بارے میں اجلاس کے دوران حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔
بیان کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور عوام اور معیشت کو اس کے اثرات سے بچانے کے لیے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی اداروں سے رابطے میں ہے اور وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال اور مہلک وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی سطح پر اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے چین کا پاکستان کے ساتھ تعاون قابل ستائش ہے، انھوں نے کہا کہ لوگوں کو خوف میں مبتلا ہونے کے بجائے کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔
وزیر اعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی کو یہ اختیار دیا کہ وہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے لیے نام تجویز کرنے کے لیے حزب اختلاف سے ملاقاتیں کریں، اسد قیصر نے کہا کہ قومی معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔
Comments are closed.