کوروناوائرس میں مبتلاافراد کی تعداد 453 تک پہنچ گئی
فوٹو : فائل
اسلام آباد :پاکستان میں کروناوائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا رجحان جاری ہے، جمعرات کو ملک میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 453 تک پہنچ گئی ہے۔
صوبہ سندھ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں مزید 37 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، پنجاب میں 45، بلوچستان میں 58، خیبر پختونخوا میں 4 اور گلگت بلتستان میں مزید 8 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
گزشتہ روز کورونا وائرس سےخیبر پختونخوا میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے ، 50 سالہ مریض کے بعد 36 سالہ شخص بھی وفات پاگیا،پاکستان میں اب تک 304 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی.
خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ہنگو سے تعلق رکھنے والا 36 سالہ شخص بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا ہے
ترجمان ایل آر ایچ محمد عاصم نے مریض کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ متاثرہ مریض گزشتہ رات تشویش ناک حالت میں لایا گیا تھا، متوفی ٹل ہنگو کا رہائشی تھا اور حال ہی میں دبئی سے آیا تھا۔
اس سے پہلے وزیر صحت خیبر پختونخوا نے ٹوئٹ میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مردان میں ایک مریض وفات پاگیا، 50 سالہ مریض کا تعلق مانگاہ سے تھااور وہ بھی ایک ہفتہ قبل سعودی عرب سے مردان آیا تھا۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 19 اور گلگت بلتستان میں 10 کیسز سامنے آگئے جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں پہلا کیس سامنے آگیا جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 304 ہوگئی ہے۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمٰن نے پریس کانفرنس کے دوران گلگت بلتستان میں ایران سے آ ئے ہوئے مزید 10 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق کی، گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی ہے۔
دوسری طرف مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سکھر آنے والے زائرین میں سے 143 میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ اس کے علاوہ کراچی میں 38 کیسز ہیں، جس کے بعد صوبے کے مجموعی کیسز کی تعداد 181 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے کہا کہ تفتان سے سکھر آنے والے مزید 8 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 189 ہوگئی ہے۔
متذکرہ بیان کے بعد چند گھنٹے بعد انہوں نے کراچی میں بھی مزید 19 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی، یوں صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 208 ہوگئی۔
بلوچستان میں مزید 7 کیسز سامنے آگئےچیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر نے صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 7 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی ہے۔
فضیل اصغر کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں اب تک 23 مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے، ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 189 مشتبہ کیسز ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں صوبے میں کورونا وائرس کے 33 مریضوں کی تصدیق کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ‘ڈی جی خان میں قرنطینہ میں رکھے گئے 20 زائرین کے ٹیسٹ نتائج مثبت آئے اور انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا، لاہور میں 6، ملتان میں 5 اور گجرات میں 2 مریض زیر علاج ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے میڈیا کو مریض سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تفتان سے آنے والے 45 سالہ شخص میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
Comments are closed.