کورونا وائرس ،10 غیر ملکی کھلاڑی اور ایک کوچ پی ایس ایل سے دستبردار
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ فائیو میں شریک 10 غیر ملکی کھلاڑی اور ایک کوچ کورونا وائرس کے باعث بقیہ ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے ہیں.
پی سی بی کے ترجمان نے تصدیق کی تھی کہ بورڈ کی جانب سے غیر ملکی کھلاڑیوں کو آپشن دیا گیا ہے کہ اگر وہ ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونا چاہیں تو ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور تمام فرنچائزز سے رابطے میں ہیں جیسے ہی اس حوالے سے کوئی بات سامنے آئے اسے میڈیا کو فراہم کیا جائے گا
پی سی بی حکام نے غیر ملکی کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے انہیں دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ، احتیاطی تدابیر اور اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
پی سی بی کی طرف سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جاری ہے اور آج کا میچ بھی منعقد کیا جارہا ہے، اب تک 10 غیر ملکی کھلاڑی پاکستان سپر لیگ کے مزید میچز میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر چکے ہیں اور ان کے نام درج ذیل ہیں۔
دستبردار ہونے والے غیر ملکی کھلاڑیوں میں پشاور زلمی
لیام لیونگسٹن، لیام ڈاسن، ٹام بینٹن، کارلوس بریتھ ویٹ، لوئس گریگوری اور جیمز فوسٹر (کوچ) شامل ہیں.
ملتان سلطانز کےرلی روسو اور جیمز ونس، کراچی کنگز کے
ایلکس ہیلز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن روئے اور ٹائمل ملز نے بھی پاکستان سپر لیگ فائیو سے دستبردار ہونے کو ترجیح دی.
پی ایس ایل فائیو کے قوانین کے تحت تمام ٹیموں کو ان کھلاڑیوں کے متبادل اپنی ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت ہو گی جس کی منظوری ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی دے گی۔
ابھی تک کسی کھلاڑی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا اور فی الوقت پاکستان کپ اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے متعلق کوئی تبادلہ خیال نہیں کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں صورتحال مسلسل تبدیل ہورہی ہے جس پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پی سی بی اور تمام ٹیموں کے مالکان نے اپنی ذمے داری کا احساس کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں کو اپنی مرضی سے لیگ چھوڑنے کی اجازت دے دی ہے کیونکہ کھلاڑیوں کااعتماد اور یقین پی سی بی کے لیے سب سے اہم ہے۔
انھوں نے کہاکہ وہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ فی الحال 10 کھلاڑیوں اور ایک کوچ کی جانب سے لیگ چھوڑنے کا فیصلہ اس لیے لیا گیا ہے کیونکہ انہیں مستقبل میں فلائیٹ آپریشن معطل ہونے یا اپنے ممالک کے بارڈر بند ہونے کا خطرہ ہے۔
وسیم خان نے کہاکہ پی سی بی ان تمام کھلاڑیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنائے گا، دیگر کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے لیے بھی یہی پروٹوکول اپنایا جائے گا، ماضی کی طرح پی سی بی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا.
Comments are closed.