کورونا کیسز کی تعداد 22،سندھ میں تعلیمی ادارے، چمن میں نیٹو سپلائی بند
ویب ڈیسک
کراچی: پاکستان میں کورونا وائرس کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے اور شہر قائد میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں کیسز کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے، 52 سالہ شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ شخص 2 روز پہلے اسلام آباد سے کراچی پہنچا تھا۔
نیا کیس سامنے آنے کے بعد کراچی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے جب کہ کورونا وائرس کے مبتلا 2 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق پشاور سے 10، صوابی سے 4، سوات سے 3 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ ایبٹ آباد 3 باجوڑ، چارسدہ، لوئردیر اور کوہاٹ سے ایک ایک مشتبہ کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر صوبے میں اب تک کورونا وائرس کے مشتبہ کیسز کی تعداد 27 تک پہنچ گئی جس میں سے 24 کیسز کو کلئیر قرار دیا گیا ہے ان میں سے تین کیسز کی رپورٹ آنا باقی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے جب کہ حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے
ادھر ڈپٹی کمشنر چاغی نے بتایا کہ پاکستان ہاوٴس میں مقیم1900 سے زائد زائرین کو لیویز اور ایف سی کی سخت سیکیورٹی میں تفتان سے کوئٹہ روانہ کردیا گیا۔ ان زائرین نے اپنے قرنطینہ کی 14 روزہ مدت پوری کرلی تھی۔ زائرین کے قافلے میں 50 سے زائد بسیں شامل ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر تفتان کا کہنا ہے کہ ایران سے پاکستانی زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 227 زائرین تفتان پہنچ گئے ہیں۔ اب تک ایران سے آنے والے پاکستانیوں کی تعداد 6 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔
ادھر چمن میں زیرو پوائنٹ پر پاک افغان باب دوستی بارویں روز بھی بند ہے۔ کسٹم حکام کے مطابق سرحد کی بندش کے باعث نہ صرف نیٹو سپلائی اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سمیت ہر قسم کی تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔
Comments are closed.