ملتان سلطانز پر قسمت مہربان،بارش مدد کو آپہنچی، ایک پوائنٹ بھی مل گیا
فوٹو : پی ایس ایل
لاہور(سپورٹس ڈیسک) بارش نےملتان سلطانز کو مشکل سے نکال کر ایک پوائنٹ جھولی میں ڈال دیا،کراچی کنگز کے خلاف ملتان نے 16.5 اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بنائے تھے پھر میچ منسوخ کرنا پڑا.
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ پاکستان سپر لیگ کا یہ انیسواں میچ تھا جس میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی،ملتان کی جانب سے اننگز کی شروعات معین علی اور ذیشان اشرف نے کی۔
سلطانز کو پہلا نقصان ذیشان اشرف کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ دو رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر کرس جورڈن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔بعد میں معین علی بھی عامر یامین کی گیند پر کرس جورڈن کو کیچ تھما بیٹھے۔ معین نے 22 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کو تیسرا نقصان رلی روسو کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ کوئی رنز بنائے بغیر عامر یامین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تاہم ان کے آوٹ ہونے کا فیصلہ تھرڈ ایمپائر نے کیا.
ان کے بعد آنے والے روی بوپارا کا بھی وکٹ پر قیام بہت ہی مختصر رہا اور وہ چار رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ سلطانز کے کپتان شان مسعود بھی ناکام رہے اور صرف نو رنز بنا کر عماد دسیم کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
خوشدل شاہ عمر خان کی گیند پر کرس جورڈن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ وہ صرف آتھ رنز ہی بنا سکے، جب بارش کے باعث کھیل رکا تو شاہد آفریدی اور سہیل تنویر کھیل رہے تھے اورآفریدی 17 گیندوں پر 35 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے ۔
لاہور میں دن بھر جاری رہنے والی بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان میچ مکمل نہ ہوسکا
میچ منسوخ ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم 6 میچ کھیل کر 9 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے۔ میچ منسوخ ہونے کے باعث کراچی کنگز ایک پوائنٹ حاصل کرکے 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔
7 مارچ بروز ہفتہ کو ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں دوپہر 2 بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی جبکہ لاہور قلندرز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں شام 7 بجے قذافی میں مد مقابل ہوں گی.
Comments are closed.