وجود کی نمائش خود عورت کی اپنی توہین ہے، فردوس عاشق اعوان
فوٹو : فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)عورت کے موضوع پر چلنے والی بحث سے وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان بھی چپ نہ رہ سکیں اور دھڑلے سے کہا عورت کی عزت و وقار اس کا حیا ہے اوروجود کی نمائش خود عورت کی اپنی توہین ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا ہر مسلمان عورت کا رول ماڈل حضرت فاطمتہْ الزہراؓ کی سیرت طیبہ اورامہات المومنینؓ جیسی جلیل القدرہستیاں ہیں، پہلی مسلمان خاتون حضرت خدیجہ الکبریٰؓ تجارت پیشہ تھیں۔
اس حوالے سے ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے کہا کہ اِسلامی تاریخ کے یہ روشن کردارہمارے لئے مشعل ِراہ ہیں، وجود کی نمائش خود عورت کی توہین ہے، خاتون کی عزت ووقاراس کی حیا ہے.
فردوس عاشق اعوان نے کہا میڈیا یا کسی بھی فورم پرعورت کی تضحیک و تذلیل ناقابلِ قبول رویہ ہے انھوں نے مشورہ دیا کہ ٹی وی چینل پرپیش آنے والا واقعہ قابل افسوس ہے، میڈیا کو ایسے حساس معاملات پرزیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت خواتین کے ہرقسم کے استحصال کے خلاف ہے اورانکے آئینی، قانونی، سیاسی، سماجی اورمعاشی حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔
عورتوں کے حق وراثت سے لے کرزینب الرٹ بل کی منظوری تک کے اقدامات عورتوں کے حقوق کیلئے حکومت کے پختہ عزم اورسوچ کاواضح اظہارہے۔
یاد رہے کہ معروف مصنف و ہدایت کار خلیل الرحمان قمرنے ایک شو کے دوران ماروی سرمد کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی جس کے بعد سوشل میڈیاسمیت ہر فورم پر بحث چل رہی ہے۔
Comments are closed.