پاکستان کے سیاحتی ویزے کا حصول نہایت آسان بنا دیا، پاکستانی سفیر
فوٹو : پاکستانی سفارتخانہ
جدہ (زمینی حقائق ڈاٹ کام) سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان ایک سیاح دوست ملک ہے اور دنیا بھر سے سیاح آثار قدیمہ ، قدرتی مناظر اور تاریخی مقامات دیکھنے کے لئے پاکستان جاتے ہیں۔
جدہ کے ہلٹن ہوٹل میں منعقدہ تین روزہ ٹریول اینڈ ٹور نمائش میں پاکستان کے پویلین کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ علی اعجاز نے کہا موجودہ حکومت معیشت میں سیاحت کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اور سیاحوں کے ساتھ ساتھ سیاحتی اداروں کو بھی بہت سی مراعات فراہم کررہی ہے.
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے سیاحتی ویزے کا حصول نہایت آسان بنا دیا گیا ہے. اور کہا کہ کہ جو بھی سعودی بھائی یا بہن سیاحت کے لئے پاکستان جانا چاہتے ہیں، وہ پاکستانی سفارت خانہ یا قونصلیٹ سے رابطہ کریں، انکو ہر طرح سے سہولت مہیا کی جائے گی۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے لگ بھگ 25 کمپنیاں اس نمائش میں شریک ہیں۔ یہ نمائش کا 10 واں ایڈیشن ہے اور پاکستان پہلی بار اس میں حصہ لے رہا ہے۔ اس نمائش کا مقصد سعودی عرب اور شریک ممالک میں سیاحت کے مواقع کو تلاش کرنا اور اسے فروغ دینا ہے۔
ٹریول اینڈ ٹور نمائش کے افتتاحی سیشن میں پاکستانی لوک لباس میں ملبوس جدہ میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول ریحاب کے بچوں نے بھی ٹیبلو پیش کیا۔ اس پرفارمنس کو پاکستان کے سفیر اور قونصل جنرل جدہ خالد مجید سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے دیکھا۔ حاضرین نے بچوں کی کارکردگی کو سراہا اور داد دی۔
نمائش میں پاکستانی پویلین کا اہتمام پاکستان قونصلیٹ کے تعاون سے سعودی عرب کے سیاحتی سرمایہ کار محمد کامیلی اور انکے پاکستانی نمائندے فیصل طاہر نے کیا ۔
سفیر نے پاکستانی پویلین کے منتظمین سے بھی ملاقات کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ نمائش کے اگلے ایڈیشنز میں بھی پاکستان حصہ لیتا رہے گے۔
Comments are closed.