پاکستان نے بھی امریکی سفارتکاروں پر پابندیاں لگا دیں

فائل فوٹو

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان نے بھی امریکی سفارت کاروں پر پابندیاں لگادیں جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق امریکی سفارت کاروں کو بھی نقل و حرکت سے پہلے دفتر خارجہ سے اجازت لینا ہوگی جس کا اطلاق آج سے ہی ہوگا۔

امریکی سفارت کار ایک سے زائد پاسپورٹ نہیں رکھ سکیں گے اور ان کا قیام جاری ہونے والے ویزے کی مدت کے مطابق ہوگا۔

دفتر خارجہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق امریکی سفارتخانے کی آفیشل گاڑیوں پر نان ڈپلومیٹک نمبر پلیٹ کی اجازت نہیں ہوگی اور کرایہ کی عمارتوں کے حصول اور تبدیلی کے لیے این او سی لینا ہوگا۔


دفتر خارجہ نوٹی فکیشن۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

امریکی سفارتخانے کی اپنی اور رینٹ پر لی گئی گاڑیوں پر کالا شیشہ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی اور سفارت کاروں کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر فون سمز جاری نہیں کی جائیں گی۔

جیو نیوز کے مطابق دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہراسگی کے واقعات روکنے کے لیے فاسٹ ٹریک مکینزم ترتیب دیا گیا جسے امریکی سفارتخانے نے بھی سراہا، پاکستان میں اس سے قبل امریکی سفارت کاروں پر کوئی پابندی نہیں تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ سے جاری نوٹیفکیشن کو امریکی سفارتخانے کے ساتھ شیئر کیا جاچکا ہے اور اب پاکستانی ایئر پورٹس پر امریکی سفارتخانے کے سامان کی ترسیل کو ویانا کنونشن کے مطابق ڈیل کیا جائے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں تنبیہ کی تھی کہ اگر ہمارے سفارتکاروں کو پاکستان میں آزاد نقل و حرکت کی اجازت نہ دی گئی تو امریکا میں پاکستانی سفارت کاروں کی نقل و حرکت محدود کی جاسکتی ہے۔

یکم مئی سے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پاکستانی سفارتکاروں کی نقل و حرکت پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا تھا جس میں بعدازاں 10 روز کی توسیع کی گئی جس کی مدت ختم ہونے کے بعد آج پاکستانی سفارت کاروں کی نقل و حرکت مشروط کردی گئی ہے۔

امریکہ کی پاکستانی سفارت کاروں پر لگائی جانے والی سفری پابندی کے مطابق سفارت کار بغیر اجازت نامے کے 25 میل سے باہر نہیں جاسکیں گے اور اس سے زائد نقل و حرکت کے لیے انہیں اجازت نامہ سفر سے 5 روز قبل لینا ہوگا۔

پاکستانی سفارتکاروں پر پابندی کا اطلاق ان کے اہلخانہ تک بڑھا دیا گیا ہے۔

Comments are closed.