وزیراعظم دیرینہ دوست کی نماز جنازہ میں شریک نہ ہوئے، نعیم الحق سپرد خاک
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)تحریک انصاف کے سینئر رہنما نعیم الحق کو گزری قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، ان کی نماز جنازہ ڈیفنس خیابان اتحاد مسجد عائشہ میں ادا کی گئی وزیراعظم عمران خان نماز جنازہ میں شریک نہیں ہوئے.
نعیم الحق کی نماز جنازہ مولانا تنویر الحق تھانوی نے پڑھائی۔ عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کو کراچی کے گزری قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ سیکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے وزیراعظم کراچی میں نعیم الحق کے جنازے میں شریک ہو سکے ۔ نعیم الحق کی غائبانہ نماز جنازہ اور قرآن خوانی کل وزیراعظم ہاوس میں ہو گی، وزیراعظم سمیت کابینہ ارکان اور پارٹی رہنماء نعیم الحق کی غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کریں گے ۔
نماز جنازہ میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر سندھ عمران اسماعیل، میئر کراچی وسیم اختر سمیت متعدد وفاقی و صوبائی وزرا نے شرکت کی۔
وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جانے والے نعیم الحق انتقال کرگئے تھے،جن کی وفات پر وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے اسے بڑا نقصان قرار دیا تھا.
وزیراعظم عمران خان مصروفیات کے باعث اپنے قریبی ساتھی اور معاون خصوصی کی نماز جنازہ میں شریک نہیں ہوئے، جنوری 2018 میں نعیم الحق کو بلڈ کینسر تشخیص کیا گیا جس کے بعد سے ان کا علاج جاری تھا۔
نعیم الحق کی نماز جنازہ کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے خیابان اتحاد پر قائم مسجد عائشہ میں نمازِ عصر کے بعد ادا کی گئی جس میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی.
اس سے قبل وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنما متوفی نعیم الحق کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے نعیم الحق کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ‘فرنٹ لائن پر موجود ایک سپاہی کی طرح نعیم الحق نے وزیر اعظم عمران خان کے بیانیے کا ہر موڑ پر دفاع کیا۔
Comments are closed.