کروڑوں پاکستانی سید علی گیلانی کی صحت کیلئے دعا گو ہیں، شاہ محمود

فوٹو : ریڈیو پاکستان

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میں کروڑوں پاکستانیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے سید علی گیلانی کی صحت اور درازی عمر کے لیے  دعا گو ہیں.

شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سید علی گیلانی کا وجود کشمیریوں کے لیے  باعث حوصلہ ہے وہ عزم وہمت کی ایک چٹان ہیں اور کوئی دنیاوی عہدہ، جبر، تشدد یا قید حتی کہ کوئی بھی چیز آپ کو جھکا نہیں سکی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ سید علی گیلانی ہمت، حوصلے اور حق خودارادیت کے نظریے کی علامت بن چکے ہیں بھارت کے تمام حربے ناکام بنائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو پیغام ہے کہ آج ہر پاکستانی کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، سید علی گیلانی کو انشاءاللہ بھارت کے تسلط سے آزادی ملے گی۔

واضح رہے کہ بھارت نے  حریت کانفرنس کے بزرگ رہنما سید علی گیلانی کو طویل عرصے سے نظر بند کررکھا ہے اور ان دنوں وہ شدید علیل ہیں اور گذشتہ دنوں ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی تھی جس کے باعث ان کے انتقال کی افواہیں بھی زیر گردش تھیں۔

سید علی گیلانی کے صاحبزادے  نسیم گیلانی نے ایسی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہاتھا کہ ان کے والد کی طویل نظر بندی کے باعث طبیعت خراب ہوئی۔

چند روز قبل اپنے گھر میں نظر بند سید علی گیلانی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کشمیری اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں جو کہ پاکستان کی صورت میں اُن کے سامنے موجود ہے۔

Comments are closed.