شعیب ملک نے ریٹائرمنٹ کے سوال پر ریڈ سگنل دکھا دیا
فوٹو :فائل
کراچی(سپورٹس ڈیسک)سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک کراچی جائیں اور ان سے ریٹائرمنٹ کا سوال نہ ہو یہ ہو ہی نہیں سکتا، لیکن شعیب ملک نے جواب میں ریڈ سگنل دکھا دیا اور بولے جب تک فٹ ہوں کھیلتا رہوں گا۔
شعیب ملک پی ایس ایل فائیو کی تیاری کے سلسلے میں پشاور زلمی کے پریکٹس سیشن کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے آل راؤنڈر نے واضح کیا کہ فی الحال میرا ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے اس لیے جب تک فٹ ہوں کھیل نہیں چھوڑ سکتا ۔
شعیب ملک نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو میں سب ٹیمیں اچھی ہیں اور بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں، میرا فوکس کسی ٹیم کے خلاف نہیں ہر ٹیم کے خلاف ہے۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی کو پاکستان سے خصوصی لگاؤ ہے اور وہ پاکستانی شائقین کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں جب کہ پاکستانی بھی ڈیرن سیمی سے محبت کا بھرپور اظہار کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا پشاورزلمی کا کپتان بنوں یا نہیں میری توجہ کرکٹ پر ہے، اپنی بیٹنگ اور بولنگ دونوں کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہوں۔
سابق کپتان نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنا ہر کھلاڑی کا حق ہے، وہ جانتا ہے کہ اسے کب ریٹائرمنٹ لینی ہے، اگر کوئی کھلاڑی یہ سمجھتا ہے کہ اب وہ مزید نہیں کھیل سکتا تو اسے ازخود جگہ چھوڑ دینی چاہیے.
وہ اس لیے کہ نئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال میرا ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے، جب تک فٹ ہوں کھیلتا رہوں گا، میرا ہدف پاکستان کے لیے کھیلنا ہے۔
Comments are closed.