سری لنکن آرمی چیف کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی

فوٹو : فائل

واشنگٹن(ویب ڈیسک)سری لنکن آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل شویندرا سلوا کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں سری لنکن آرمی چیف پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہےکہ سری لنکا میں خانہ جنگی کے دوران آرمی چیف شویندرا سلو کو ماورائے عدالت قتل میں ملوث قرار دیا.

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے ماورائے عدالت قتل اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے امریکا میں داخلے پر پابندی لگائی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کے لیے اپنے احتساب کی جدوجہد میں متزلزل نہیں ہوگا۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ سری لنکن آرمی چیف کے خلاف بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات کو اقوام متحدہ اور دیگر اداروں نے قلم بند کرلیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے پابندی کے بعد سری لنکن آرمی چیف کے اہلخانہ بھی امریکا میں داخلے کے اہل نہیں ہوں گے۔

دوسری طرف سری لنکن وزارت خارجہ نے امریکی اقدامات پر سخت اعتراض اٹھایا ہے اور اسے غیر تصدیق شدہ اطلاعات پر لیا گیا اقدام قرار دیا ہے۔

واشنگٹن پر زور دیا گیا ہےکہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے، آرمی چیف شویندرا سلوا کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کے کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہیں ۔

Comments are closed.