پنجاب میں ایک ہزار 76 چینی شہری کورونا وائرس سے کلیئر قرار
فوٹو : فائل
لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان کے صوبہ پنجاب میں رہائش پذیر ایک ہزار 76 چینی شہریوں کی اسکریننگ مکمل کرکے انھیں کورونا وائرس سے کلیئر قرار دے دیا گیا ہے ۔
پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ نے سکرینگ کی ہے
ہیلتھ سیکریٹری ریٹائرڈ کیپٹن محمد عثمان نے کہا کہ اس مقصد کے لیے تعینات ٹیموں نے پنجاب میں موجود 2 ہزار 7 سو 95 چینی شہریوں تک رسائی حاصل کی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ صحت کو اسکریننگ کے لیے 2 ہزار 7 سو 95 چینی شہریوں کی فہرست، ان کے گھر کے پتے اور ملازمت کے مقام کے ساتھ فراہم کی تھی۔
پنجاب کے سیکریٹری صحت نے کہاہے کہ دیگر چینی شہریوں کی اسکریننگ بھی جلد از جلد مکمل کی جائے گی جو صوبہ پنجاب کی 50 کمپنیوں کے لیے مختلف عہدوں پر کام کررہے ہیں۔
جن افراد کی اسکرینگ کی گئی ہے ان میں سے 150 افراد گزشتہ 15 روز میں چین سے واپس آئے تھے،ان سمیت اسکریننگ کے دوران ایک ہزار 76 افراد میں نوول کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ 7 مشتبہ مریضوں کو ہائی ڈیپینڈینسی یونٹ (ایچ ڈی یو) میں داخل کیا گیا تھا، محکمہ صحت نے ان کے خون کے نمونے ہانگ کانگ بھیج دیے تھے اور ان کی رپورٹس کا انتظار کیا جارہا تھا۔
محمد عثمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے تشکیل کردہ کورونا وائرس کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کی نگرانی کرر ہی ہے، ہم ہر قسم کی ایمرجنسی کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں.
گزشتہ روز وفاقی حکومت نے تنقید کے باوجود چین میں پھیلنے والے ہلاکت خیز کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستانیوں کو واپس وطن نہ لانے کے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان کی طرف سے چین کی مدد کے ساتھ ساتھ کرونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں پر بھی اعتماد کا اظہار کیا گیا اور وائرس پر قابو پانے تک پاکستان شہریوں کو منتقل نہ کرنے کا بھی اعلان کیا گیاہے.
Comments are closed.