عمران کا تحریک انصاف سے20ایم پی ایز کو نکالنے کا اعلان
اسلام آباد(ویب ڈیسک )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کاسینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے اپنے 20 ارکان کو شوکاز جاری کرنے کا اعلان،کہتے ہیں اپنے بیس فیصد ارکان کو پارٹی سے نکال رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پارٹی رہنماوٴں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ ملک کا اہم ترین ادارہ ہے اور ملک میں 30، 40 سال سے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بک رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہمارے 60 اراکین ہیں اور پارٹی تحقیقات کے مطابق ہمارے 20 اراکین نے اپنے ووٹ بیچے اور وہ وہ لوگ سینیٹ الیکشن میں کامیاب ہوئے جن کے بارے میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے ایم پی ایز کو 4، 4 کروڑ روپے کی پیش کش ہوئی اور جن لوگوں نے ووٹ بیچے انہیں شوکاز نوٹسز جاری کر رہے ہیں۔ اگر ان اراکین نے شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا تو انہیں نا صرف پارٹی سے نکالا جائے گا بلکہ نیب کو بھی ان کے نام بھجوائیں گے۔
عمران خان نے کہا عارف یوسف ، سردار ادریس ،جاوید نسیم ،عبدالحق،قربان آفریدی ،عبد محار،زاہد درانی ،امجد آفریدی ،عارف یوسف ،یاسین خلیل ،فیصل زمان ،سمیع اعلیزئی ،نرگس علی، دینا ناز،فوزیہ بی بی، نسیم حیات اور نگینہ خان کا نام لے کرکہا ان سمیت بیس ارکان نے پارٹی پالیسی کی مخالفت کی اور ووٹ فروخت کئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے جو کہا اس پر افسوس ہوا، کیا انہیں نہیں پتہ تھا کہ 30 سال سے سینیٹ الیکشن میں ووٹ خریدا جا رہا ہے تو انہوں نے ایکشن کیوں نہیں لیا۔
عمران خان نے کہا سینیٹ الیکشن میں خرید و فروخت روکنے کیلئے ہماری تجاویز نہیں مانی گئیں۔ انھوں نے نوازشریف کے بیرون ملک جانے کی مخالفت کی،یہ بھی کہا ہم نے تو ایکشن لے لیا اب دیگر جماعتیں بھی ووٹ بیچنے والے اپنے ارکان کے خلاف کارروائی کریں۔
Comments are closed.