نیب کی ڈوریاں ہلانے والا ابھی کوئی پیدا نہیں ہوا،چیئرمین نیب

جاوید اقبال۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک )چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی ایسا پیدا نہیں ہوا جو نیب کی ڈوریاں ہلا سکے، اگر ڈوریاں ہلیں تو بریف کیس اٹھا کر واپس چلا جاوٴں گا۔

پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کو بریفنگ کے بعد پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ پی اے سی نے نیب کے کام پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،

انھوں نے کہا کرپشن کے حجم کی بات تب کی جاتی ہے جب یہ کم ہو لیکن اب بات حجم سے آگے نکل گئی ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ کچھ لوگوں کے خلاف انکوائری شروع ہو چکی مزید بھی ہوں گی، نیب کسی قسم کی انتقامی کارروائی نہیں کر رہا، اگر کسی کے خلاف امتیازی یا انتقامی کارروائی ثابت ہو جائے تو ذمہ داری لوں گا اور عہدہ چھوڑ دوں گا۔

جاوید اقبال نے کہا الیکشن ہونے یانہ ہونے سے نیب کا کوئی تعلق نہیں، اگر کسی نے کرپشن کی ہے تو الیکشن سے پہلے اور بعد میں بھی قابل گرفت ہے۔

جاوید اقبال نے نواز شریف کی اہلیہ کی عیادت کے لئے برطانیہ روانگی پر کہا کہ نواز شریف کے خلاف معاملہ احتساب عدالت میں ہے، اس لیے ان کے جانے پر رائے نہیں دے سکتا، انسانی ہمدردی بھی کوئی چیز ہے اور نواز شریف کو روکنا میرا کام نہیں

نواز شریف کے واپس نہ آنے کے خدشے کی کوئی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں موجود مطلوب افراد کی واپسی کے لیے ریڈ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، آئندہ آنے والے دنوں میں بہت سے مطلوب افراد کو واپس لائیں گے۔

Comments are closed.