کشمیر وزیراعظم عمران خان نے بیچ دیا ہے،مولانا عبدالغفور حیدری
فوٹو : زمینی حقائق ڈاٹ کام
الریاض (ابرار تنولی) جمعیت علماء اسلام ف کےمرکزی رہنما، سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہےوزیراعظم عمران خان نے کشمیر بیچ دیا ہے،تبدیلی کے سارے دعوے جھوٹ ثابت ہوئے ہیں.
مولانا عبدالغفور حیدری الریاض سعودی عرب میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے، وہ جے یو آئی ف کی طرف سے سعودی عرب کے دورے پر آئے ہوئے ہیں.
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی مثالی ہے ہم ایک مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں اور وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوتے رہے ہیں.
ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مولانا غفور حیدری نے کہا کہ تحریک انصاف کے تبدیلی کے دعوے محض نعرے ثابت ہوئے کروڑوں نوکریاں اور گھر دینے کے نعرے لگانے والوں نے لوگوں کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا ہے.
انھوں نے کہا اب تک 25 لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں جس میں ہزاروں کی تعداد میں میڈیا ہاوسسز کے لوگ بھی شامل ہیں، مسلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کشمیر بیچ دیا ہے.
غفور حیدری نے کہا کشمیر کمیٹی کی حیثیت محض ایک کمیٹی کی ہے جو اپنی سفارشات حکومت کو بھیج سکتی ہے اب یہ حکومت کے اختیار میں ہے کہ وہ اس پر عمل درآمد کرے انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ 2020 پاکستان میں الیکشن کا سال ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اسد اللہ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جمعیت علماء اسلام ریاض کے جنرل سیکرٹری حاجی ممتاز خان اور اراکین جمعیت علماء اسلام ریاض کو ان کی خدمات پر جمعیت حسن کارکردگی کا شیلڈ پیش کی۔
اس موقعہ پر جمعیت علماء اسلام ریاض کی طرف سے مولانا عبدالغفور حیدری کو بھی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ مفتی محمود یونٹ اور سادات سماجی تحریک کی طرف سے خصوصی تحائف پیش کئے گئے۔
تقریب میں مولانا عبدالغفور حیدری کے فرزند مفتی طیب، نور محمد شاہ، پاکستان سے تشریف لائے ہوئے نعت خواں ابرار بیتاب، سرپرست اعلیٰ مولانا عزیز الرحمن درانی، مولانا شبیر احمد عثمانی کے علاوہ بڑی تعداد میں سماجی و سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور جمعیت کے کارکنوں نے شرکت کی۔
تقریب صدارت قائمقام امیر مولانا اسد اللہ نے کی جبکہ مرکزی جنرل سیکرٹری سعودی عرب قاری محمد الیاس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس سے قبل تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری محمد قاسم محمدی نے تلاوت کلام پاک سے کیا.
ابرار بیتاب، قاری گل نواب اور وقاص نقشبندی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کیں۔ تقریب کی نظامت کے فرائض انجنئیر عاصم آفتاب نے سرانجام دئیے ۔
Comments are closed.