ملک میں آٹے کے بحران پر قابو پا لیا جائے گا، وفاقی وزیر خسرو بختیار
فوٹو : پی آئی ڈی
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک خسرو بختیار نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں جاری آٹے کے بحران پر کل تک قابو پا لیا جائے گا ۔
پریس کانفرنس میں خسرو بختیار نے کہا پچھلے سال خراب موسم کی وجہ سے ملک میں گندم کی 12 لاکھ ٹن پیداوار کم ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پیر سے گندم اور آٹے کی قیمت میں کمی آئے گی، گندم کا مصنوعی بحران 3 سے 4 روز میں ٹھیک ہونے لگے گا، پنجاب کے پاس گندم کے پورے ذخائر موجود ہیں۔
خسرو بختیار نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث گندم فراہمی میں تعطل آیا اور سندھ میں خاص طور پر سپلائی چین متاثر ہوئی کیوں کہ پاسکو نے سندھ کو 4 لاکھ ٹن گندم دی جس میں سے صرف ایک لاکھ اٹھائی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا اس وقت بھی حکومت کے پاس 40 لاکھ ٹن گندم موجود ہے، اگر حکومت اپنے ٹارگٹ بڑھا دے تو ذخیرہ اندوزی نہیں ہو سکتی.
انھوں نے کہا حکومت نے اپنا ٹارگٹ 80 لاکھ ٹن کر دیا ہے، پچھلے سال کا اسٹاک 37 لاکھ ٹن تھا، اِس وقت آٹے کے مختلف ریٹ دکھائے جا رہے ہیں، چکی کا آٹا پاکستان میں 5 سے 6 فیصد سے زیادہ استعمال نہیں ہوتا، ملک میں گندم کی قلت نہیں، اگلے سال کی بھی سپلائی چین اچھی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور کراچی، حیدرآباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں فی کلو آٹے کی قیمت 70 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیا ہے اور آٹے کے بحران سے نمٹنے کیلئے گرینڈ آپریشن کی ہدایت بھی کررکھی ہے تاہم اس کے باوجود آٹے کی قیمتوں کو پر لگ چکے ہیں۔
Comments are closed.