بنگلہ دیش نے ناں ناں کرتے ہاں کردی، 2 ٹیسٹ، 2 دورے،نئے شیڈول کا اعلان
فوٹو : فائل
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)بنگلہ دیش نے پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلنے پر ناں، ناں کرتے ہوئے ہاں کردی، شرمندگی سے بچنے کیلئے دورے کو دو مرحلوں میں تقسیم کردیا.
نئی تجویز آنے کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کے انعقاد پر معاہدہ طے پاگیا ہے، بنگلہ دیش کی ٹیم دو مرحلوں میں پاکستان کے دورے اور ٹیسٹ میچ کھیلنے پر آمادہ ہوئی۔
پی سی بی کے پریس ریلیز کے مطابق دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز سیریز کے انعقاد پر متفق ہو گئے ہیںپاکستان اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈز کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے اور اب ٹیسٹ میچز بھی پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ بات چیت کر کے انہیں دورے کے لیے راضی کیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین ششانک منوہر نے منگل کو دبئی میں دونوں بورڈز کے حکام کے درمیان ملاقات میں بنگلہ دیش کو دورہ پاکستان کے لیے راضی کرنے کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کیا۔
دورے کے نئے شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں بنگلہ دیش کی ٹیم رواں ماہ تین ٹی20 اور ایک ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان آئے گی جس کے بعد اپریل میں دونوں ٹیموں کے درمیان مزید ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔
دورے کو پاکستان سپر لیگ کے انعقاد اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم پہلا ٹی20 میچ 24 جنوری کو لاہور میں کھیلے گی جس کے بعد قذافی اسٹیڈیم 25 اور 27 جنوری کو بھی ٹی 20 میچز کی میزبانی کرے گا۔
پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم وطن واپس لوٹ جائے گی اور پاکستان میں 20 فروری سے پاکستان سپر لیگ کا آغاز ہو جائے گا۔
پی ایس ایل کے اختتام کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم اپریل میں دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں سیریز کا واحد ون ڈے میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔
بنگلہ دیش کی ٹیم 5 سے 9 اپریل تک سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا.
دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان سیریز کے انعقاد کے سلسلے میں کئی مرتبہ رابطے ہوئے لیکن منطقی نتیجہ برآمد نہ ہوا کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دوٹوک الفاظ میں کہہ دیا تھا کہ پاکستان اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہی تمام میچز کا انعقاد کرے گا۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ دونوں کرکٹ بورڈ کھیل اور کرکٹ کھیلنے والی بافخر قوموں کے مفاد میں ایک معاہدے پر متفق ہو گئے۔
احسان مانی نے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے انعقاد کے لیے بنگلہ دیش کو راضی کرنے میں مثبت کردار ادا کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین ششانک منوہر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ یہ دونوں کرکٹ بورڈز کی کامیابی ہے، مجھے خوشی ہے کہ سیریز کے حوالے سے غیریقینی صورتحال کا خاتمہ ہوا اور اب ہم میچز کے بہترین انعقاد کے حوالے سے منصوبہ بندی کر سکیں گے۔
Comments are closed.