تل ابیب سمیت 35 امریکی اہداف ایران کے نشانے پر ہے، کمانڈر ایرانی فوج
فوٹو : فائل
تہران(ویب ڈیسک) ایرانی فوج کے کمانڈر جنرل غلام علی ابو حمزہ نے کہا ہے کہ جہاں بھی موقع ملا امریکیوں کو جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی سزا دیں گے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل غلام علی ابوحمزہ نے کہا ہے کہ القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ امریکا سے لیں گے، امریکی جہاں بھی ایران کی پہنچ میں ہوں گے انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔
امریکی جارحیت پر ایرانیوں کا غصہ کم ہونے کی بجائے بڑھتا جارہا ہے،ایران کے سپریم کمانڈر اور صدر کے بعداب پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے بھی امریکا کو بدلہ لینے کی دھمکی دی ہے۔
جنرل غلام علی ابو حمزہ نے کہا کہ ’خطے میں 35 کے قریب امریکی اہداف کے ساتھ ساتھ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب بھی ایران کے نشانے پر ہے‘۔
ایران بھر میں جہاں قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت پر سوگ منایا جارہا ہے وہاں بدلے کی آگ بھی شعلہ بننے کو تڑپ رہی ہے.
ایران کے جنوبی صوبہ کرمان میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل ابو حمزہ نے مزید کہا کہ جنرل سلیمانی کی موت پر ایران امریکا سے بدلہ لینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آبنائے ہرمز ایک اہم مقام ہے جہاں سے بڑی تعداد میں مغربی اور امریکی بحری جنگی جہاز گزرتے ہیں، اس علاقے میں ایران اہم امریکی اہداف کافی پہلے ہی طے کرچکا ہے‘۔
ادھر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ہزاروں افراد دارالحکومت تہران کی سڑکوں پر نکل آئے اور امریکا کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔
اس سے قبل ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکی حملے کو وحشیانہ جرم قرار دیتے ہوئے جنرل سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
جب کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی اپنے بیان میں کہاکہ جنرل سلیمانی کے قتل نے امریکا کے خلاف کھڑا ہونے کے عظیم ایرانی قوم کے پختہ عزم کو دگنا کردیا ہے، ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا کے اس وحشیانہ جرم کا انتقام لیا جائے گا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان رمضان شریف نے بھی اپنے بیان میں امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہےکہ امریکی حملے کے بعد طاقت کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا، امریکا کی اس وقتی خوشی کو بہت جلد سوگ میں بدل دیں گے۔
یاد رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے امریکی حملے میں ایران کی القدس فورس کےکمانڈر قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے ہیں جن کی آج نماز جنازہ میں ہزاروں افراد شریک ہوئے.
Comments are closed.