امریکا کی وقتی خوشی کوجلد سوگ میں بدل دیں گے، پاسداران انقلاب ایران

فوٹو : فائل

تہران(ویب ڈیسک)ایران کے پاسداران انقلاب کے ترجمان نے بھی امریکا کو بدلہ لینے کی دھمکی دی ہے کہتے ہیں کہ امریکا کی اس وقتی خوشی کو بہت جلد سوگ میں بدل دیں گے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان نے بھی اپنے بیان میں امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہےکہ امریکی حملے کے بعد طاقت کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا، انھوں نے کہا امریکا کی اس وقتی خوشی کو بہت جلد سوگ میں بدل دیں گے۔

اس سے پہلے ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای بھی امریکی حملے کو وحشیانہ جرم قرار دیتے ہوئے جنرل سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں ۔

ایران بھر میں قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت پر سوگ منایا جارہا ہے اور آج ان کی نماز جنازہ میں بھی ہزاروں افراد نے شرکت کی اس موقع پر سوگ کے ساتھ غصے کی لہر بھی نمایاں تھی.

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ہزاروں افراد دارالحکومت تہران کی سڑکوں پر نکل آئے اور امریکا کے خلاف سخت نعرے بازی کی، مظاہرین انتقام لینے پر زور دیتے رہے۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی اپنے بیان میں کہاکہ جنرل سلیمانی کے قتل نے امریکا کے خلاف کھڑا ہونے کے عظیم ایرانی قوم کے پختہ عزم کو دگنا کردیا ہےایرانی صدر نے کہا کہ امریکا کے اس وحشیانہ جرم کا انتقام لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے امریکی حملے میں ایران کی القدس فورس کےکمانڈر قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے تھے۔

قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی کو قدس فورس کا کمانڈر مقرر کردیا ہے۔

Comments are closed.