پاکستان سویٹ ہو مز
یتیم خانہ سویٹ ہوم اسلام آباد میں ہماری ملاقات سابق سیاسی اور سماجی شخصیت زمرد خان اور ان کی ٹیم سے ہوئی تو صنم تمام وقت ہماری توجہ کا مرکز بنی رہی۔ یہ وہی بیٹی صنم ہے جس کو سویٹ ہوم کے سپرد کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا تھا کہ پاکستان سویٹ ہوم بچوں کی پرورش کا واحد ادارہ ہے جس میں حقیقی معنوں میں اعلی معیار کی اقدار کو فروغ د یا جارہا ہے۔
بچوں اور بچیوں کی پرورش اور رہائشی سہولیات میں سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے بہترین معیار قائم کر رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوڈیشل کمپلیکس ضلع کچہری راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تھا جس کے میزبان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل ناصر تھے اس تقریب میں منشیات کیس میں سزائے موت پانے والی خاتون کی آٹھ سالہ بچی صنم کو پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان کی تحو یل میں دے دیاگیا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ زمرد خان جیل میں اپنی ما¶ں کے ساتھ قید بچوں اور بچیوں کی تعلیم کے لیے پہلے سے اقدامات کررہے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ وہ اس کام کو مزید آگے بڑھائیں اور ہماری اس سلسلے میں رہنمائی کریں۔ سیشن جج سہیل ناصر نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس بچی کے سویٹ ہوم جانے سے اس کا مستقبل محفوظ ہو گیا ہے اور اس کی تعلیم وتربیت بہترین انداز میں کی جائے گی۔
زمرد خان نے جسٹس منصور علی شاہ کو بتایا کہ پاکستان سویٹ ہوم کے ایچ نائن سنٹر میں ایک سو بچیاں رہائش پذیر ہیں اور آج ان کی بیٹی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ وہ اس کی تعلیم وتربیت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے اس بچی کا سویٹ ہوم کی تحویل میں دینا ان کے ادارے کے لیے اعزاز کی بات ہے ان کی خواہش ہے کہ پاکستان بھر سے یتیم اور لاوارث بچے اور بچیاں سویٹ ہوم کا حصہ بن جائیں۔
جج صاحب کے علاوہ پاک فوج نے بھی شمالی علاقہ جات میں دوران آپریشن یتیم ہونے والے بچوں کے لئے مزید سویٹ ہومز بنانے کا عزم کیا ہے اور اس سلسلہ میں زمرد خان اور ان کی ٹیم پرجوش دکھائی دیتی ہے۔ مزید براں لاہور کے نواح میں بھی ا یک نیک دل انسان نے سویٹ ہوم کی تعمیر کے لئے خطیر زمین عطیہ کی ہے۔بس انتظار ہے مزید مخیر حضرات کا جو اس زمین پر یتیم بچوں کے لئے گھر تعمیر کر کے اپنی نسبت آقا صلی اللہ وسلم سے مضبوط کر سکیں۔
سویٹ ہوم کے سر پرست اعلٰی زمرد خان نے پاکستان بیت المال کا چارج سنبھالاتو ان کی زندگی کا زاویہ ہی بدل گیا۔انہوں نے سوات فوجی آپریشن میں ایک یتیم بچے کے سر پر دست شفقت کیا رکھا کہ سویٹ ہومز کے ادارے وجود میں آنے لگے۔زمرد خان کہتے ہیں کہ میں جس کام کے پیچھے پڑجاوں تو اس کو پایہ¿ تکمیل تک پہنچا کر چھوڑتا ہوں۔ زمرد خان کی لگن، ایمانداری، دیانتداری دکھی انسانیت کے لیے ہے اور خاص کر یتیم بچوں کے لیے اعلی تعلیم، رہائش کھانے پینے کا بندوبست کا انتظام بہت بڑا کارنامہ ہے۔
یاد رہے کہ سکندر نامی جب ایک مسلح شخص دارالحکومت کے چائنہ چوک میں بڑی دیدہ دلیری کے ساتھ فائرنگ کر رہا تھا اور کوئی بھی اس کا سامنا کرنے سے قاصر تھاجو میڈیا پر براہ راست دکھایا جارہا تھا تو ایسے میں زمرد خان نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر اس ڈرامے کا ڈراپ سین کیا اس بہادری پر پوری قوم نے انہیں سلام پیش کیا یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ 3ہزار سے زاہد یتیم بچوں کی دعائیں رنگ لائیں اور اس خطرناک صورتحال میں انکی زندگی بچ گئی۔
اسلام آباد کے نواح میں موجود یتیم خانہ المعروف سویٹ ہوم کی شاندار عمارت اور جدید سہولیات بتاتی ہیں کہ پاکستان کے لوگ صدقہ جاریہ کی حقیقت سے پوری طرح آگاہ ہیں۔یہاں مخیر حضرات کے کیش یا چیک قبول نہیں کئے جاتے بلکہ ان نیک دل بندوں کو گائیڈ کیا جاتا ہے کہ یتیم بچوں کی ضرورت کے مطابق مطلوبہ عمارت‘ کمرے‘ مسجد وغیرہ کی تعمیر اپنی نگرانی میں کرائیں یا دیگر سازو سامان خود مہیا کریں تا کہ عطیہ کی رقم کا شفاف حساب رکھا جا سکے اور ڈونر کو صدقہ جاریہ کرنے میں قلبی و روحانی تسکین نصیب ہو سکے۔
طیبہ ضیاءچیمہ ….(نیویارک)
Comments are closed.