پاکستان بھارت کو 3رنز سے ہرا کرفائنل میں پہنچ گیا


فوٹو: ایشین کرکٹ کونسل ٹویٹر

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ سے باہر کردیا،گرین شرٹس فائنل میں پہنچ گئے۔

بنگلہ دیش میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 267 رنزبنائے تھے بھارت کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز ہی بناسکی۔ عماد بٹ نے میچ کے آخری اوور میں محض 4 رنز دے کر قومی ایمرجنگ ٹیم کو 3 رنز سے کو فتح دلادی۔

پاکستان کی ایمرجنگ ٹیم نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور عمیر بن یوسف اور حیدر علی پر مشتمل اوپننگ جوڑی کے درمیان 90 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ عمیر بن یوسف نے 97 گیندوں پر 66 رنز جب کہ حیدر علی 43 رنزبناکر آوٴٹ ہوئے۔

روحیل نذیر اور سعود شکیل کے آوٴٹ ہونے کے بعد سیف بدر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 48 گیندوں پر 47 رنز بنا ئے اور آوٹ نہیں ہوئے، یو ں مقررہ 50 اوورز میں وکٹوں کے نقصان پر267رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے شیوم، دوبے اورہریتک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، دوسری طرف268 رنز کے تعاقب میں بھارت کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ابتدائی 3 وکٹوں کے لیے بھارت کی ایمرجنگ ٹیم نے 179 رنز جوڑے۔

سنویر سنگھ 76 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ کپتان راوی شرت 47 اور ارمان جعفر 46 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔ اس کے بعد محمد حسنین اور سیف بدر کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بھارتی مڈل آرڈر مکمل طور پرفلاپ ہوگیا اور آخری 6 کھلاڑی اسکور میں 82 رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔
بھارت کو جیت کے لیے آخری اوور میں 8 رنز درکار تھے تاہم عماد بٹ نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیااور حریف ٹیم محض 4 رنز ہی اسکور کرسکی۔قومی ایمرجنگ ٹیم کی جانب سے محمد حسنین اور سیف بدر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایونٹ کا فائنل 23 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں کل(21 نومبر )مدمقابل ہوں گی۔

Comments are closed.