لاہور قلندر نے گلیڈی ایٹر کو 17 رنز سے ہرا دیا
شارجہ: (شہر یار خان) لاہور قلندرز نے گلیڈی ایٹرز کو 17 رنز سے شکست دے دی۔ 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 169 سکور بنا سکی۔
لاہور قلندرز کے 187 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیس روئے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 52 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن شاہین آفریدی نے شین واٹسن کو 12 رنز پر بولڈ کرکے پویلین واپس بھیج دیا۔
جیسن روئے بھی 36 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ لاہور کی جانب سے نارائن اور یاسر شاہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہورقلندرز نے فخر زمان کی شاندار بلے بازی کے نتیجے میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنا کرگلیڈی ایٹرز کو ایک بڑا ہدف دیا ہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور اینٹن ڈیوسچ نے اننگز کا آغاز کیا۔ وکٹیں گرنے کے باوجود فخرزمان نے اپنی جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور پہلے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد سنچری بنانے کا ٹارگٹ رکھا۔
بدقسمتی سے فخرزمان 6 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے مگر انہوں نے 50 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 بلندوبانگ چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ فخر کے آؤٹ ہونے کے باوجود قلندرز کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا۔
گلریز صدف نے 27 گیندوں پر 42 جبکہ سنیل نارائن نے 14 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔ کوئٹہ کی جانب سے انور علی، راحت علی، میر حمزہ اور حسن خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 10 پوائنٹس حاصل کرکے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے جب کہ لاہور قلندرز مسلسل 6 شکستوں کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
Comments are closed.