لاہور میں عوامی طاقت کے مظاہرہ کےبعد آزادی مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) لاہور میں عوامی طاقت کے بڑے مظاہرہ کے بعدجمعیت علمائے اسلام (ف) کا آزادی مارچ اپنے آخری مرحلے میں وفاقی دارالحکومت کی جانب رواں دواں ہے.
آزادی مارچ کل صبح یا دن کے وقت اسلام آباد داخل ہوگا، حکومت سے طے پائے گئے معاہدے کے مطابق سیکٹر ایچ 9 کے اتوار بازار کے قریب میدان میں جے یو آئی (ف) کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں.
شرکاء کے کھانے پینے کیلئے میدان میں ہی کنٹین اور 5000 بیت الخلاء بنائے گئے ہیں۔ آزادی مارچ کے شرکاءاپنے کھانے پینے کا سامان بھی اپنے ساتھ لائیں گے جبکہ آزادی مارچ کے شرکاءکو بستر،اضافی کپڑے اور راشن لانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
جلسہ کے شرکاء کی پارکنگ کیلئے جگہ مختص کر دی گئی، جس کے مطابق موٹروے اور پشاور جی ٹی روڈ سے آنے والے شرکاء 26 نمبر چونگی براستہ کشمیر ہائی وے، پروجیکٹ موڑ اور جی نائن ٹرن کشمیر ہائی وے کے دونوں اطراف گاڑیاں پارک کریں گے.
اسی طرح لاہور سے براستہ جی ٹی روڈ ایکسپریس وے اور مری بارہ کہو سے آنے والے حضرات فیض آباد سے ڈھوک کالا خان فلائی اوور سے واپس فیض آباد براستہ 9تھ ایونیوچوک سے سروس روڈ ویسٹ پر گاڑیاں پارک کرکے جلسہ گاہ میں داخل ہوں گے۔
وزارت داخلہ میں آزادی مارچ کے حوالے سے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت معاہد ے کی پاسداری کرنے والوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ سیکیورٹی کے لئے پہلے لیول پر پولیس، دوسرے لیول پر رینجرز اور حساس مقامات کی حفاظت کے لئے آرمی کی خدمات لی جائیں گی۔
Comments are closed.