راولپنڈی اسلام آباد آج تعلیمی ادارے بند رہیں گے


فوٹو: فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)راولپنڈی اسلام آباد کے تعلیمی ادارے 31اکتوبر کو جے یو آئی ف کے آزادی مارچ کے باعث بند رہیں گے۔

آزادی مارچ کا جلوس آج اسلام آباد پہنچ رہا ہے جس کے باعث طلبہ و طالبات کو سڑکوں پر متوقع مشکلات اور کسی نا خوشگوار صورتحال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے نجی اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

راولپنڈی کے بھی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیاہے اورڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔

اس حوالے سے سیکریٹری پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن عبدالوحید کا کہنا ہے کہ دھرنے کے پیش نظر اسلام آباد کے تمام پرائیویٹ اسکول آج 31اکتوبر کو بند رہیں گے۔

عبدالوحید خان نے کہا کہ دھرنے کے باعث بچوں کی حفاظت کے لیے اسکولوں میں چھٹی کا فیصلہ کیا ہے ،صدر پرائیویٹ اسکولز زعفران الہی نے کہا کہ اسلام آباد میں 31 اکتوبر کے بعد اسکول کھولنے کا فیصلہ حالات دیکھ کر کیا جائے گا۔

ادھر نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں آج ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کیے گئے ہیں،نمل انتظامیہ کے مطابق نمل یونیورسٹی میں مڈٹرم امتحانات اب 8 سے 15 نومبر کے درمیان ہوں گے۔

حکومت اور آزادی مارچ کے منتظمین میں معاہدے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) ایچ 9 کے اتوار بازار کے قریب گراوٴنڈ میں جلسہ کرے گی اور حکومت کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کرے گی۔

Comments are closed.