اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود نے سپریم کورٹ سے معافی مانگ لی
اسلام آباد(ویب نیوز )زینب قتل کیس کے ملزم عمران کے بینک اکاوٴنٹس کا دعویٰ کرنے والے اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود نے سپریم کورٹ سے تحریری معافی مانگ لی۔
بڑی خبر کے دعویدار شاہد مسعود کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے تحریری معافی نامے میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی کی فائنڈنگز پر کوئی مقدمہ نہیں لڑنا چاہتاہوں۔
ڈاکٹر شاہد مسعود نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں آئندہ محتاط رہنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس نے شاہد مسعود سے کہا تھا کہ آپ کی معافی کا وقت گزر چکا ہے اور آپ کو نتائج بھگتنا ہوں گے جبکہ اینکر پرسن شاہد مسعود نے بھی کسی صورت معافی نہ مانگنے کا دعوی کیا تھا۔
ڈاکٹر شاہد مسعود نے قصور کی ننھی زینب کے قاتل عمران کے متعدد غیر ملکی بینک اکاوٴنٹس کا دعویٰ کیا تھا جس کا سپریم کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔
Comments are closed.