قومی سلامتی معیشت کے ساتھ جڑی ہے، آرمی چیف


راولپنڈی ( زمینی حقائق) معیشت اور سیکیورٹی کے موضوع پر آرمی آڈیٹوریم میں سیمینار منعقد ہوا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب کی میزبانی کی، حکومتی اقتصادی ٹیم، معروف تاجر رہنما بھی تقریب میں موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی معیشت کے ساتھ جڑی ہے، ملک میں داخلی سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی، صورتحال میں بہتری کے اقتصادی سرگرمیوں پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا حکومت کی معاشی ٹیم اور کاروباری برادری میں بات چیت ایک اچھا شگون ہے، سرکاری اور نجی اداروں میں تعاون سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ خوشحالی قومی سلامتی کی ضروریات پوری کرنے اور معاشی ترقی سے ہی آسکتی ہے، سیمینار کرانے کا مقصد مستقبل کے لائحہ عمل طے کرنے کے لیے تمام فریقین کو ایک پیج پر لانا ہے۔

سیمینار میںحکومتی ٹیم نے کاروباری برادری کو دی گئی سہولیات کے بارے میں بتایا، حکومتی ٹیم نے قومی معیشت کے استحکام کے لیے اقدامات کے حوصلہ افزا نتائج سے آگاہ کیا۔

اعلامیہ کے مطابق کاروباری برداری نے کاروبار میں آسانی کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کیں، کاروباری برداری نے حکومتی اصلاحات پر عملدرآمد میں تعاون کا یقین دلایا، کاروباری برادری نے ملکی ترقی میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کا بھی یقین دلایا۔

Comments are closed.