کشمیریوں کے ساتھ کھڑے نہ ہوئے توتاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی،شیخ رشید
راولپنڈی(زمینی حقائق) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے نہ ہوئے تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی اور اکتوبرنومبرمیں پاک بھارت جنگ دیکھ رہا ہوں۔
یکجہتی کشمیر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے زیادہ امید نہیں رکھنی چاہیے، اکتوبرنومبرمیں پاک بھارت جنگ دیکھ رہا ہوں، فیصلہ کشمیریوں کی جدوجہد نے کرنا ہے، عمران خان کی 27 ستمبرکی تقریر اہم ہوگی۔
وفاقی وزیر نے کہا ہمارے معاشی، سیاسی، دفاعی مسائل ہیں مگر پاکستانی نوجوان کشمیر کے لئے جیتا مرتا ہے، پہلی بار کہہ رہا ہوں یہ گھی سیدھی انگلی سے نہیں نکلے گا، فوج نے جو 23 سال سے تیاری کی اب اس کے استعمال کا وقت آگیا ہے۔
شیخ رشید نے کہا چاہ بہار جانے کے لئے مودی گوادر کو رکاوٹ سمجھتا ہے، اس وقت چین ہمارے ساتھ کھڑا ہے، وہ لوگ جو گھروں میں بیٹھے ہیں وہ ہمارے ساتھ نہیں، جو مسلمان سڑکوں پر بیٹھے ہیں وہ ہمارے ساتھ ہیں، آج ہمارا میڈیا دنیا میں سب سے زیادہ مضبوط ہے۔
شیخ رشید نے کہا نہرو اور گاندھی کا بھارت مر چکا ہے، آج مذاکرات کاوقت نہیں، پاکستان اور بھارت میں دس جنگیں ہوچکیں یا ہوتے رہ گئیں اب یہ آخری جنگ ہوگی، ہم تھکے ہوئے سیاست دان ہیں جو آخری 5 اوور کا سیاسی میچ کھیل رہے ہیں۔
انھوں نے کہا جہاد کے وقت جو منہ موڑتا ہے، وہ دوزخ میں جائے گا، کیا ایٹمی ٹیکنالوجی کرائے پر دینے کے لئے رکھی ہے، ایٹمی ہتھیار شب برات اور دیوالی پر چلانے کے لئے نہیں رکھے، جنگ ہوئی تو خون کے آخری قطرے اور آخری گولی تک لڑیں گے۔
Comments are closed.