سعودی خواتین کوسرپرست کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت مل گئی
اسلام آباد (نیٹ نیوز) سعودی عرب نے خواتین کو مرد سرپرست کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی۔خواتین کو پیدائش، شادی اور طلاق کی رجسٹریشن کے حقوق بھی دیے جارہے ہیں۔
اس حوالے سے بی بی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے جاری شاہی حکم نامے میں خواتین کو مرد سرپرست کے بغیر سفر کی اجازت دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
شاہی حکم نامے میں 21 سال سے زائد عمر کی خواتین کو مرد سرپرست کی اجازت کے بغیر پاسپورٹ کی درخواست دینے کی اجازت دی گئی ہے جو انہیں مردوں کے برابر حقوق دینے کے لیے ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکم نامہ جمعہ کو جاری کیا گیا ہےکہ سعودی پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے کسی بھی شہری کو پاسپورٹ جاری ہونا چاہیے جب کہ 21 سال سے زائد عمر والوں کو سفر کے لیے اجازت کی ضروت نہیں۔
حکم نامے کے مطابق 21 سال سے زائد عمر کی خواتین نہ صرف پاسپورٹ رکھنے کی اہل ہوں گی بلکہ مرد سرپرست کی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر بھی کرسکیں گی۔
ادھرامریکا میں سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر ریما بندر السعود نے بھی خواتین کو مرد سرپرست کے بغیر سفر کی اجازت دیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نےکہا کہ یہ نئے قوانین تاریخ رقم کررہے ہیں، اسے معاشرے میں خواتین اور مردوں کے درمیان یکساں حقوق کہتے ہیں، یہ اقدامات آنے والی طویل مدت کے لیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے شاہی فرمان پر عملدرآمد شروع ہونے سے متعلق ابھی آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ سعودی عرب میں گزشتہ چند سال میں کئی اصلاحات سامنے آئی ہیں جن میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے گزشتہ سال خواتین کے ڈرائیونگ کرنے پر عائد پابندی کے خاتمے کا بھی اعلان کیا تھا۔
Comments are closed.