ویسٹ انڈیز کے پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن 3 وکٹوں پر 194 رنز
فوٹو : سوشل میڈیا
تاروبا : ویسٹ انڈیز کے پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن 3 وکٹوں پر 194 رنز بنے تھے تاروبا میں پہلے ٹیسٹ میں پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا،بارش اور خراب روشنی کے باعث پہلے دن صرف 67 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔
برائن لارا کرکٹ اکیڈمی، تاروبا میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کو پہلی کامیابی ابتدائی سیشن میں اس وقت ملی جب محمد عباس نے اوپنر برینڈن کنگ کو 11 رنز پر آؤٹ کیا۔ بارش کے باعث اس وقت کھیل روک دیا گیا جبکہ ویسٹ انڈیز کا اسکور ایک وکٹ پر 23 رنز تھا۔
بارش کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو ٹیگنارائن چندرپال نے محتاط اننگز کھیلنے کی کوشش کی، تاہم وہ 40 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد عامر جانگو زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 21 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
ان تین وکٹوں کے بعد کیوم ہوج اور شائے ہوپ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے ناقابل شکست شراکت قائم کی اور پاکستان کو مزید کوئی کامیابی حاصل نہ کرنے دی۔
دن کے اختتام پر کیوم ہوج 83 رنز اور شائے ہوپ 39 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ دونوں بلے بازوں نے مجموعی اسکور 194 رنز تک پہنچا دیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عامر جمال نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ دیگر پاکستانی بولرز پہلے دن کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
دوسرے روز پاکستان کی کوشش ہوگی کہ جلد از جلد ویسٹ انڈیز کی باقی وکٹیں حاصل کر کے میزبان ٹیم کو بڑے مجموعے سے روکا جائے، جبکہ ویسٹ انڈیز کی نظریں پہلی اننگز میں 300 سے زائد رنز بنانے پر ہوں گی۔
Comments are closed.