بابراعظم دوبارہ ٹیسٹ کپتان مقرر،دورۂ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیلئے اسکواڈ کا اعلان

فوٹو : پی سی بی

لاہور: ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کو ہٹا دیا گیا ، بابراعظم دوبارہ ٹیسٹ کپتان مقرر،دورۂ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیلئے اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، سلیکشن کمیٹی نے اپنا سابق فیصلہ ریورس کرتے ہوئے بابر اعظم کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا۔

پاکستان کی 16 رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم کپتان، شان مسعود، امام الحق، اذان اویس ، عبداللّٰہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری اور محمد رضوان شامل ہیں۔

اسکواڈ میں ایک اور نیا چہرہ علی عثمان شامل، عاقب جاوید ہر ٹور میں ایک اجنبی کو متعارف کراتے ہیں، ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد بھی ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہیں۔

عاقب جاوید نے مصباح الحق اور اسد شفیق کے ہمراہ ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی طرح تینوں فارمیٹ کی ٹیمیں الگ کرنے کا پلان تیار ہے، مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل فٹنس مسائل کی وجہ سے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز میں 18 جولائی کو ٹراوبا میں وارم میچ سے دورے کا آعاز کرے گی، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جولائی تک ٹراوبا میں کھیلا جائے گا۔

سلیکشن کمیٹی کی ٹیم کی خراب کارکردگی پر سوال ہونے پر پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا ہے کہ میں اور اسد شفیق سلیکشن کمیٹی میں 18 ماہ سے ہیں، مصباح الحق اور سرفراز احمد کو شامل ہوئے 6 ماہ ہوئے ہیں، 3 فارمیٹ ہیں اور آپ کو دیکھنا ہوتا ہے کہ کس فارمیٹ میں آپ کی پرفارمنس کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کپتان کی بھی کوئی ذمے داری ہوتی ہے، شان مسعود کی قیادت میں اس طرح نتائج نہیں آرہے تھے، شان مسعود کی اپنی کارکردگی اچھی رہی ہے لیکن ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں تھی۔

عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ اب کوشش کی ہے کہ تبدیلی لائے جائے تاکہ ٹیم کے نتائج اچھے ہوں، فاسٹ بولرز کی اسپیڈ ہمارے لیے فکر مندی کی بات ہے۔

مصباح الحق نے کہا ہے کہ کرکٹ میں تسلسل بہت اہم ہوتا ہے، تسلسل سے ہی کامیابی ملتی ہے، دیکھنا یہ ہوتا ہے کہ بحیثیت پلیئر اور کپتان کارکردگی میں تسلسل ہے یا نہیں.

Comments are closed.