سوئٹزرلینڈ میں ایران امریکہ دستخطی تقریب منسوخ، میڈیا و سفارتکار تذبذب کا شکار

فوٹو : فائل

اسلام آباد: سوئٹزرلینڈ میں ایران امریکہ دستخطی تقریب منسوخ، میڈیا و سفارتکار تذبذب کا شکار ،پاکستان کے سرکاری میڈیا کو واپس بُلا لیا گیا ، برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر الیکٹرانک دستخط ہونے کے بعد سوئٹزرلینڈ میں 19 جون کو ہونے والی باضابطہ دستخطی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے.

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا سوئٹزرلینڈ کا دورہ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے، سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن شٹاخ میں موجود پاکستانی سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ 19 جون کو دستخط کی کوئی باضابطہ تقریب منعقد نہیں ہوگی، جس کے بعد پاکستانی سفارتی عملہ واپسی کی تیاری کر رہا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے 15 جون کو معاہدہ طے پانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ امن معاہدے پر باضابطہ دستخط 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے، تاہم بعد ازاں امریکی صدر اور ایرانی صدر کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر الیکٹرانک دستخط کیے گئے، جس کے بعد دستاویز پاکستان بھیجی گئی جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور ثالث اس کی توثیق کر دی۔

ایک اعلیٰ پاکستانی سفارتی ذریعے نے بتایا کہ پاکستان کی معلومات کے مطابق امریکہ ، ایران اور پاکستان بطور ثالث برگن شٹاخ میں مفاہمتی یادداشت پر باضابطہ دستخط کرنے والے تھے، اسی لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے، مگر امریکی اور ایرانی صدور نے پہلے ہی الیکٹرانک دستخط کر دیے، جس کے بعد تقریب کی ضرورت باقی نہ رہی۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی منصوبہ یہ بھی تھا کہ دستخطی تقریب کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ بھی برگن شٹاخ میں شروع ہوگا، تاہم اب یہ واضح نہیں کہ یہ مذاکرات 19 جون کو ہی شروع ہو سکیں گے یا نہیں۔

ادھر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم سوئٹزرلینڈ روانگی اور ملاقات کے حتمی وقت کا انحصار ایرانی وفد کی دستیابی پر ہوگا۔

دوسری جانب ایران نے تاحال نہ اپنے وفد کی روانگی کی تاریخ بتائی ہے اور نہ ہی وفد کے ارکان کی تفصیلات جاری کی ہیں، البتہ ایرانی رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکی حکام سے براہِ راست مذاکرات کی اجازت دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مذاکرات کا مقصد دشمن کا مؤقف تسلیم کرنا نہیں ہوگا۔

غیر یقینی صورتحال کے باوجود سوئٹزرلینڈ کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موجودہ منصوبے کے مطابق امریکا اور ایران کے نمائندے، پاکستان، قطر اور دیگر ثالث ممالک کے ساتھ 19 جون کو برگن شٹاخ میں معاہدے پر عمل درآمد سے متعلق ابتدائی مذاکرات کریں گے، تاہم اجلاس کے ایجنڈے اور دیگر تفصیلات فی الحال جاری نہیں کی جا سکتیں۔

دوسری جانب دنیا بھر سے بڑی تعداد میں صحافی سوئٹزرلینڈ پہنچ چکے ہیں۔ بی بی سی اردو کے مطابق بیشتر صحافیوں کو وہاں پہنچنے کے بعد معلوم ہوا کہ دستخط کی تقریب منسوخ ہو چکی ہے، اگرچہ سوئس حکام نے تقریب اور میڈیا کوریج کے لیے تمام انتظامات مکمل کر رکھے تھے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کی کوریج ٹیم بھی تقریب کی رپورٹنگ کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچی تھی، تاہم پی ٹی وی حکام نے تصدیق کی ہے کہ تقریب منسوخ ہونے کے بعد ٹیم کو واپس بلا لیا گیا ہے اور مکمل کوریج پلان بھی منسوخ کر دیا گیا ہے.

Comments are closed.